متحدہ عرب امارات میں بھی پاکستان مخالف بالی ووڈ فلم کی ریلیز روک دی گئی
بالی ووڈ کے معروف اداکار رہیتک روشن، دیپیکا پڈوکون اور انیل کپور کی پاکستان مخالف فلم ’فائٹر‘ کی ریلیز دیگر خلیجی ممالک کی طرح متحدہ عرب امارات میں بھی روک دی گئی۔
کچھ روز قبل یہ خبر سامنے آئی تھی کہ تمام خلیجی ممالک کی جانب سے پاکستان مخالف بالی ووڈ فلم ’فائٹر‘ کی ریلیز پر پابندی عائد کردی گئی ہے اور صرف محتدہ عرب امارات میں اس فلم کو ریلیز کیے جانے کی اجازت دی گئی ہے۔
تاہم اب یہ خبر سامنے آئی ہے کہ متحدہ عرب امارات میں بھی فلم ’فائٹر‘ کی ریلیز کو روک دیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پاکستان مخالف فلم ’فائٹر‘ 25 جنوری کو سینما گھروں میں ریلیز ہوگئی ہے لیکن اس فلم کو متحدہ عرب امارات میں ریلیز نہیں کیا گیا۔
متحدہ عرب امارات میں فلم ’فائٹر‘ کی ریلیز کو اچانک کیوں روکا گیا اس کی وجہ تاحال سامنے نہیں آئی۔
واضح رہے کہ اس فلم کی کہانی میں 14 فروری 2019ء کے پلوامہ حملے سے متعلق حقائق کو توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا ہے جس میں بھارتی اداکار رہتک روشن اور اداکارہ دیپیکا پڈوکون بھارتی فضائیہ کے اسکواڈرن لیڈر جبکہ انیل کپور کمانڈنگ آفیسر کے روپ میں نظر آئیں گے۔