بلاول بھٹو کا نواز شریف کو مناظرے کا چیلنج
پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کو مباحثے کا چیلنج دے دیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ نواز شریف 8 فروری سے پہلے کسی بھی جگہ اور کسی بھی وقت مناظرہ کرلیں۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ میں مسلم لیگ ن کے وزارت عظمٰی کے امیدوار نواز شریف کو مباحثے کی دعوت دیتا ہوں۔
پی پی چیئرمین نے کہا کہ عالمی سطح پر صدارتی اور وزارت عظمیٰ کے امیدوار ٹیلی ویژن پر ہونے والے مباحثوں میں حصہ لیتے ہیں، عالمی رہنما ووٹرز کو لائیو مباحثوں میں اپنے منصوبوں کے بارے میں اہم نکات بیان کرتے ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ووٹنگ کے عمل سے پہلے شفافیت کے لیے ووٹرز کو امیدواروں سے متعلق آگاہی بہت ضروری ہے۔