سندھ سے قومی اسمبلی 45 نشستیں باآسانی جیت جائیں گے، مراد علی شاہ
پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے سینئر رہنما اور سابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ سے قومی اسمبلی 45 نشستیں باآسانی جیت جائیں گے۔
جیو نیوز کے پروگرام ’نیا پاکستان‘ میں گفتگو کے دوران مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ کی این اے کی 39 میں 37 اور کراچی کی 22 میں سے 12 تک نشستیں ہم باآسانی جیتیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں 10 سال ن لیگ اور پانچ سال پی ٹی آئی کی حکومت رہی، دونوں جماعتوں کے پاس مسائل کا حل نہیں، بلاول بھٹو نے پورا پروگرام پیش کیا ہے۔
سابق وزیراعلیٰ سندھ نے مزید کہا کہ الیکشن ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے درمیان ہے، پی ٹی آئی اس پوزیشن میں نہیں کہ زیادہ سیٹیں لے سکے، یہ قرآن پر حلف لے رہے ہیں تو کوئی مسئلہ تو ہے نا۔
مراد علی شاہ نے یہ بھی کہا کہ پورا سندھ دیکھ چکا ہوں یہاں مجھے پی ٹی آئی پرو یا اینٹی ووٹ نہیں ملا، دراصل یہ بانی چیئرمین کو بچانے کےلیے مہم چلا رہے ہیں، بانی بھی خود کو بچانے کی کوشش کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اُس وقت تحریک انصاف جو ملک کے ساتھ کررہی تھی ضروری تھا کہ حکومت سے ہٹایا جاتا، اس وقت بڑی جماعت ن لیگ تھی اس لیے چانس دینا چاہتے تھے، ہم اس لیے اتحاد میں شامل ہوئے کہ ہم اس کو کامیاب کرنا تھا۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ انتخابی مہم میں ہمیں عوام میں ن لیگ کی غیرپسندیدگی نظر آرہی ہے، ن لیگ کا سندھ میں پی پی سے کوئی مقابلہ نہیں۔
پی پی رہنما نے استفسار کیا کہ سندھ میں اگر ہماری حکومت کی وجہ سے بری صورتحال ہے تو ن لیگ نے یہاں امیدوار ہی کتنے کھڑے کیے ہیں؟
اُن کا کہنا تھا کہ ن لیگ کو یہاں جی ڈی اے، ایم کیو ایم سے اتحاد کی ضرورت پڑ رہی ہے، ہم نے تو سیلاب متاثرہ سڑکوں کےلیے فنڈز یقینی بنائے۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ میں لیور ٹرانسپلانٹ کےلیے 800 میں سے 265 مریض پنجاب سے آئے۔