پیپلز پارٹی اعلان کرے وہ ہمارے پاس ووٹوں کی بھیک مانگنے نہیں آئے گی، مصطفیٰ کمال

متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیوایم) پاکستان کے سینئر ڈپٹی کنوینر مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی اعلان کرے کہ وہ ہمارے پاس ووٹوں کی بھیک مانگنے نہیں آئے گی۔

شاہ فیصل کراچی میں انتخابی جلسے سے خطاب میں مصطفیٰ کمال نے کہا کہ شہر کے مینڈیٹ کو چرانے کی جو کوشش ہوئی وہ ضائع ہوگئی، پیپلز پارٹی چلا چلا کر کہہ رہی ہے کہ ایم کیو ایم بری ہے۔

انہوں نے کہا کہ سازشیں دم توڑ گئیں اور جم غفیر نے اپنا فیصلہ دے دیا، سرکاری وسائل اور کرپشن کے اربوں روپے رکھنے والوں کو عوام نے مسترد کردیا۔

مصطفیٰ کمال نے مزید کہا کہ اس شہر نے تو 21 جنوری کو ہی 8 فروری کے نتائج کا اعلان کر دیا تھا۔ آج شاہ فیصل والوں نے باطل قوتوں کے تابوت میں آخری کیل ٹھونک دی ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی اعلان کرے ایم کیو ایم کے پاس ووٹوں کی بھیک مانگنے نہیں جائے گی۔

ایم کیو ایم رہنما نے یہ بھی کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ پیپلز پارٹی کو جب بھی اقتدار میں آنا ہوا تب تب ہم سے بھیک مانگنی پڑی۔

انہوں نے کہا کہ ان کو ہمارے شہداء قبرستان جاکر ہمارے شہیدوں سے معافی مانگنی پڑی ہے۔

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ایم کیو ایم کو دیوار سے لگادیا، شہر کو پٹے پر دے رکھا ہے اور ہر علاقے کو کرپٹ قبضہ مافیا کے سپرد کر رکھا ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ سب کو دکھ رہا ہے کہ ایم کیو ایم اپنا 2013 کا مینڈیٹ واپس لینے جارہی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے