کراچی اپنے اصل کی طرف لوٹ رہا ہے، سراج الحق
امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا ہے کہ کراچی شہر اپنے اصل کی طرف لوٹ رہا ہے، عوام نے 8 فروری سے قبل ریفرنڈم دے دیا۔
کراچی کے باغ جناح میں جماعت اسلامی کی جانب سے ’’اعلان کراچی‘‘ جلسے کا انعقاد کیا گیا جس میں امیر جماعت اسلامی نے شرکت کی اور خطاب کیا۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ عظیم الشان پاور شو کے انعقاد پر انسانوں اور جذبوں کے سمندر کو سلام پیش کرتا ہوں، آج کراچی کا ریفرنڈم ہوگیا عوام نے فیصلہ سنادیا کہ آٹھ فروری ڈاکو راج کے خاتمے کا دن ہے۔
انہوں نے کہا کہ قوم کو یقین دلاتا ہوں 2022 اور 2023 کبھی واپس نہیں آئے گا ایسے ہی پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کا دور نہیں آئے گا، ان جماعتوں نے قوم کی کئی دہائیاں ضائع کردیں۔
سراج الحق نے کہا کہ پاکستان میں 25 کھرب ڈالر کا کوئلہ ہے اس کے باوجود ملک پر قرض کا کوہ ہمالیہ ہے، غربت، مہنگائی، بدامنی، کرپشن اور افراتفری کی ذمے دار 76 سال حکومت کرنے والی سیاسی جماعتیں ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ایک شہزادہ کہتا ہے میرے والد صدر، نانا وزیراعظم تھے مجھے بھی وزیراعظم بنائیں، دوسری جانب تین بار کا وزیراعظم کہتا ہے ایک باری اور دے دیں، ان کی باری اب نہیں آئے گی اب جاگیرداروں، ظالموں کی باری ختم ہوگئی ہے۔
سراج الحق نے کہا کہ جو انصاف، تعلیم، روزگار، رہائش کا پیغام لائے اس صبح کی تلاش میں کارروان چل پڑا ہے، تین بڑی جماعتوں نے پرانا منشور پیش کیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کو ان لوگوں کی ضرورت نہیں جنہوں نے ملک کو دنیا کیلئے تماشا بنادیا ہے، نواز شریف کا پرانا منشور ہے، ووٹ کو عزت دو کے بیانیے سے نواز شریف دستبردار ہوگئے ہیں۔
سراج الحق کا کہنا تھا کہ نواز شریف کہتے ہیں جتنا دبنا ہے دب جاؤ بس کرسی مل جائے، سابق حکمرانوں کو کبھی اقتدار کی کرسی نہیں ملے گی۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ کراچی لاوارث نہیں، پہلے بھی شہر کو جماعت اسلامی نے روشنیوں کا شہر بنایا تھا، یہاں نفرتیں، قبضہ، گندگی تھی اب کراچی کی پشت پر جماعت اسلامی موجود ہے۔
سراج الحق کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی، ن لیگ سے پوچھیں جب فلسطین پر ظلم ہورہا تھا تو وہ امریکی خوف سے خاموش کیوں رہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم امریکی قیادت کے ساتھ تصویریں لے رہے ہیں، وزیراعظم نے عافیہ صدیقی کی رہائی کے بارے میں بات نہیں کی، جب تک ڈاکٹر عافیہ کی رہائی نہ ہو آرام سے نہیں بیٹھیں گے۔
سراج الحق کا مزید کہنا تھا کہ فلور پر تجویز پیش کی ہے کہ اقلیتی برادری کا لفظ ختم کرکے پاکستانی پکارا جائے۔
انہوں نے بلاول کے حوالے سے اپنے خطاب میں کہا کہ بلاول نے 300 یونٹ بجلی مفت دینے کی بات کی، جیسے 1970 کا روٹی، کپڑا، مکان کا وعدہ پورا نہیں ہوا یہ بھی نہیں ہوگا، بلاول شہزادے سے کہتا ہوں کہ پہلے تھر کے عوام کو خوراک دیں پھر بجلی مفت دینے کی بات کریں۔
سراج الحق کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی شہر اور دیہاتوں کی تنظیم ہے، بلاول جتنا چیخیں عوام دھوکے میں نہیں آئیں گے، 8 فروری ترازو کو ٹھپا لگائیں، اسٹیک ہولڈر سے مہنگائی، بدامنی کیخلاف لڑنے کی بات کریں گے، گالی کے کلچر کو دفنائیں گے، بچوں کو تعلیم سے نوازیں گے۔