پی پی والے ایم کیو ایم کی مزاحمت آدھا گھنٹہ بھی برداشت نہیں کر سکتے، مصطفیٰ کمال

فوٹو: فائل

متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے رہنما مصطفیٰ کمال کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی والے ایم کیو ایم کی مزاحمت آدھا گھنٹہ بھی برداشت نہیں کر سکتے، ریاست کو اپنی ذمہ داری پوری کرنی چاہیے، ہمارے 6 ساتھی اب تک شہید ہوچکے ہیں۔

جیو نیوز کے پروگرام ’’آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ویڈیوز موجود ہیں ان کے لوگوں نے حملہ کیا، ہمارے نہتے ساتھی کو شہید کیا، سہراب گوٹھ کے الیکشن آفس پر پیپلز پارٹی کے لوگوں نے فائرنگ کی۔

انکا کہنا تھا کہ رات کے پونے 2 بجے یہ لوگ آئے، پہلے ہماری پارٹی کے جھنڈے اتارے، جھنڈے اتارنے کا منع کیا تھا واپس چلے گئے، ڈیڑھ گھنٹے بعد ہتھیاروں کے ساتھ 2 گاڑیوں میں آئے، ان لوگوں کی فائرنگ سے ہمارا یونٹ انچارج شہید ہوا، ہم اپنے ساتھی کے خون کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ سب کے لیے ایریا کھلا ہے، ان کو اپنی 15 سال کی دکان بند ہوتی نظر آرہی ہے، ان لوگوں نے شہر پر قبضہ کرنے کا پلان بنایا۔

رہنما ایم کیو ایم نے مزید کہا کہ بلاول بھٹو آج پورے پاکستان میں گھوم کر ووٹ مانگ رہے ہیں، بلاول سندھ کی ایک یونین کونسل کو ماڈل بنا کر پیش نہیں کرسکتے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ان لوگوں نے شہر پر قبضہ کرنے کا پلان بنایا ، سندھ میں انکو چھوڑ کر ہم ن لیگ سے بات کر رہے ہیں، ایم کیو ایم کے بغیر 40 سالوں میں کوئی وزیراعظم نہیں بن سکا، ایم کیو ایم ان کے ساتھ نہیں ہوگی، ساتھیوں کا خون رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے