مچ حملے میں کسی تنصیبات کو نقصان نہیں پہنچا اور نہ جانی نقصان ہوا، جان اچکزئی
نگراں وزیرِ اطلاعات بلوچستان جان اچکزئی نے کہا ہے کہ مچ حملے میں کسی تنصیبات کو نقصان نہیں پہنچا اور نہ جانی نقصان ہوا۔
ایک بیان میں جان اچکزئی نے کہا کہ مچ میں سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے 3 حملے کامیابی سے ناکام بنا دیے، کالعدم تنظیم کے 5 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاک فوج اور ایف سی کو مچ میں دہشت گرد حملے ناکام بنانے پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
جان اچکزئی کا کہنا ہے کہ دہشت گرد پیچھے ہٹ گئے، ہماری سیکیورٹی فورسز ان کے تعاقب میں ہے، مسلح افواج کا عوام کی جانوں کے تحفظ سے متعلق حوصلہ اور عزم قابل تحسین ہے۔
انہوں نے کہا کہ مچ میں کلیئرنس آپریشن کے بعد ایک دہشت گرد کی لاش ملی ہے۔