ارباز خان کی دوسری شادی پر سلمان خان کا مزاحیہ ردِعمل
بالی ووڈ کے معروف اداکار سلمان خان نے اپنے بھائی، فلمساز و اداکار ارباز خان کی دوسری شادی پر مزاحیہ ردِعمل دیا ہے۔
مشہور بھارتی رئیلیٹی شو بگ باس کے سیزن 17 کے فائنل میں بھارتی فلم انڈسٹری کی مختلف شخصیات نے بطور مہمان شرکت کی جن میں سلمان خان کے دونوں بھائی ارباز خان اور سہیل خان بھی شامل تھے۔
ارباز خان جیسے ہی بگ باس کے اسٹیج پر آئے تو بیک گراؤنڈ میوزک میں شادی کا گانا چل پڑا جس پر اُنہوں نے کہا کہ’ آپ لوگ تو ایسے کر رہے ہو جیسے میں پہلا انسان ہوں جس نے دوسری شادی کی ہے‘۔
اس شو کے فائنل میں مشہور بھارتی کامیڈین بھارتی سنگھ بھی بطور مہمان شریک تھیں تو اُنہوں نے ارباز خان سے سوال کیا کہ ’آپ نے مجھے اپنی شادی میں کیوں نہیں بلایا؟‘
ارباز خان نے اس سوال کے جواب میں کہا کہ ’آپ کو میں اگلی شادی میں بلاؤں گا‘۔
اس کے بعد بھارتی سنگھ نے سلمان خان سے سوال کیا کہ آپ کا اپنے بھائی ارباز خان کی دوسری شادی پر کیا ردِعمل تھا یعنی جب ارباز خان نے آپ کو بتایا کہ وہ دوسری شادی کرنا چاہتے ہیں تو آپ نے کیا مشورہ دیا؟
سلمان خان نے اس سوال کا جواب دیتے ہوئے مزاحیہ انداز میں کہا کہ یہ میری کوئی بات سنتے ہی نہیں ہیں، اگر سنتے ہوتے تو۔۔۔ سلمان خان اتنی بات کہہ کر خاموش ہوگئے اور شو میں موجود شرکاء ان کی بات سمجھ گئے اور ہنسنے لگے۔
اس کے علاوہ، بھارتی سنگھ نے سلمان خان سے یہ سوال بھی کیا کہ’آپ شادی کب کریں گے؟‘
اداکار نے اس سوال کو اپنے روایتی اور دلچسپ انداز میں ٹالتے ہوئے کہا کہ’بھارتی سنگھ چلی گئی ہے تو اب میں زندگی میں کبھی شادی نہیں کروں گا‘۔
بھارتی سنگھ نے سلمان خان کی اس دلچسپ جواب پر اپنا ردِعمل دیتے ہوئے کہا کہ سر، میں واپس آسکتی ہوں‘۔
واضح رہے کہ اداکار ارباز خان نے اس سے قبل مشہور رقاصہ ملائکہ اڑورہ سے 1998 میں شادی کی تھی جو 2017 میں ختم ہوگئی۔ ان کا ایک بیٹا بھی ہے، جو اپنے والد کی دوسری شادی میں ان کے ساتھ ساتھ دکھائی دیا۔
خیال رہے کہ شوریٰ خان ایک میک اپ آرٹسٹ ہیں جو اداکارہ روینا ٹنڈن اور ان کی بیٹی کے ساتھ کام کرتی ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ارباز اور شوریٰ کی ملاقات نئی فلم ’پٹنہ شکلا‘ کے دوران ہوئی تھی۔