برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ کی زین ملک کو پاکستان آنے کی دعوت
پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے برطانوی گلوکار زین ملک کو پاکستان آنے کی دعوت دے دی۔
جین میریٹ نے سوشل میڈیا ویب سائٹ ایکس پر پاکستانی میوزک بینڈ ’اور‘ کے ساتھ زین ملک کے اشتراک کرنے پر ایک خصوصی پوسٹ شئیر کی ہے۔
اُنہوں نے زین ملک کو پاکستان آنے کی دعوت دیتے ہوئے لکھا کہ مجھے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان میوزک بینڈ ’اور‘ کے ساتھ اردو زبان میں ہونے والا یہ اشتراک بہت پسند آیا۔
واضح رہے کہ پاکستانی میوزک بینڈ ’اور‘ نے زین ملک کے ساتھ مل کر اپنے ایک ہٹ گانے’تو ہے کہاں‘ کو نئے انداز میں پیش کیا ہے۔
اس گانے کے اصلی ورژن کو اب تک 95 ملین سے زائد ویوز مل چُکے ہیں اور کچھ روز قبل یوٹیوب پر ریلیز ہونے والے اس گانے کے نئے ورژن کو اب تک 9 ملین سے زائد ویوز مل چُکے ہیں۔
یاد رہے کہ31 سالہ برطانوی گلوکار زین ملک انگلینڈ کے شہر بریڈ فورڈ میں پیدا ہوئے تھے لیکن ان کے والدین کا تعلق پاکستان سے ہے۔
اُنہوں نے اپنے ایک پرانے انٹرویو میں انکشاف کیا تھا کہ وہ اردو زبان بولتے بھی ہیں اور سمجھتے بھی ہیں۔