عمران عباس کا بھارتی گانا گا کر پاکستان سے اظہارِ محبت
پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف شخصیات بھی دیگر پاکستانی عوام کی طرح عام انتخابات کے دوران اپنے ووٹ کاسٹ کرنے کے لیے بہت پرجوش ہیں۔
اداکار عمران عباس نے اپنی انسٹا اسٹوری پر اپنی ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں اُنہیں ڈرائیونگ کرتے ہوئے بھارتی فلم ’بھج: دی پرائیڈ آف انڈیا‘ کا گانا ’اے دیس میرے‘ گاتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
اُنہوں نے یہ ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں ’پاکستان زندہ آباد‘ لکھ کر اپنے وطن سے محبت کا اظہار بھی کیا۔
عمران عباس نے کیپشن میں مزید لکھا کہ’میں اسلام آباد صرف خاص دن کے موقع پر اپنا ووٹ کاسٹ کرنے جا رہا ہوں‘۔
واضح رہے کہ آج پاکستان میں عام انتخابات کے لیے ووٹنگ کا سلسلہ جاری ہے، آج 12 کروڑ پچاسی لاکھ سے زائد ووٹر قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے 855 حلقوں میں امیدواروں کو چنیں گے۔
اس مرتبہ ملکی تاریخ کے سب سے زیادہ 17 ہزار 816 امیدوار میدان میں ہیں، 882 خواتین امیدوار اور 4 خواجہ سرا بھی جنرل نشستوں پر الیکشن لڑ رہے ہیں، قومی اسمبلی کے لیے5121 امیدوار میدان میں اترے ہیں۔