فلم ’ساتھیا‘ کی شوٹنگ کے دوران وویک اوبرائے کو سخت مالی حالات کا سامنا کرنا پڑا
بالی ووڈ اداکار وویک اوبرائے نے انکشاف کیا ہے کہ فلم ’ساتھیا‘ کی شوٹنگ کے دوران اُنہیں سخت مالی حالات سے گزرنا پڑا تھا۔
وویک اوبرائے اور اداکارہ رانی مکھرجی کی ایک ساتھ کی گئی فلم ’ساتھیا‘ اس جوڑی کے مداحوں کے دلوں میں ایک خاص جگہ رکھتی ہے، شاد علی کی ہدایتکاری میں بننے والی فلم 2002ء میں ریلیز ہوئی تھی۔
حال ہی میں ’ہیومنز آف بامبے‘ کے ساتھ ایک انٹرویو کے دوران وویک اوبرائے نے اس فلم کے کم بجٹ ہونے کے سبب پیش آنے والی مشکلات اور چیلنجز پر کھل کر بات کی ہے۔
اداکار نے ماضی میں جھانکتے ہوئے کہا کہ ’میں فلم ساتھیا کی شوٹنگ کر رہا تھا، اس دوران میں ریلوے اسٹیشنز پر رہتا اور بینچوں پر سوتا تھا کیونکہ ہمارے پاس رہائش کی بکنگ کے لیے بجٹ نہیں تھا، گانے ’ساتھیا‘ کی شوٹنگ کے دوران مجھے کپڑے بدلنے کے لیے ریسٹورانٹ کے بیت الخلاء جانا پڑتا تھا، کوئی میک اپ وین نہیں تھی، ہمیں ایک دن میں چار چار سین شوٹ کرنے ہوتے تھے۔‘
وویک نے مزید بتایا کہ ہم دن میں 18-20 گھنٹے شوٹنگ کرتے تھے، میرے پاس کوئی رہائش نہیں تھی اور نہ ہی اُس وقت مجھے کوئی جانتا تھا۔‘
اداکار نے بتایا کہ ’میں بہت سخت حالات میں شوٹنگ کر رہا تھا، ہر جگہ خود ہی پہنچتا تھا، جس دن رانی مکرجی آتی تھی، وہاں سیکیورٹی ہوتی تھی اور میں تھا مجھے کوئی پہچانتا ہی نہیں تھا۔‘
یاد رہے کہ وویک اوبرائے نے فلم ’کمپنی‘ کے ساتھ اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا جو 12 اپریل 2002 کو ریلیز ہوئی تھی جبکہ فلم ’ساتھیا‘ چند ماہ بعد دسمبر میں سینما گھروں کی زینت بنی تھی۔
کام کے محاذ پر وویک اوبرائے کو آخری بار پرائم ویڈیو سیریز ’انڈین پولیس فورس‘ میں دیکھا گیا تھا۔
روہت شیٹی کی ہدایتکاری میں بننے والے اس شو میں سدھارتھ ملہوترا اور شلپا شیٹھی نے بھی اہم کردار ادا کیے تھے۔