پنکج ادھاس ’چٹھی آئی ہے‘ گانے میں ہچکچاہٹ کا شکار تھے، مہیش بھٹ
نامور بھارتی فلم ساز مہیش بھٹ نے انکشاف کیا ہے کہ آنجہانی پنکج ادھاس اپنا مشہور زمانہ گیت چھٹی آئی ہے، گانے میں ہچکچاہٹ کا شکار تھے۔
اپنے ایک تازہ انٹرویو کے دوران مہیش بھٹ کا کہنا تھا کہ مجھے نہیں معلوم تھا کہ وہ کافی عرصے سے بیمار تھے، لیکن جب انکی موت کی خبر آئی تو انکا مسکراتا ہوا چہرا میرے سامنے آگیا۔
بھارت فلم ساز نے کہا کہ مجھے 1986 کی فلم نام میں گایا گیا انکا سدا بہار گیت "چٹھی آئی ہے” یاد آیا، جو سنجے دت اور امریتا سنگھ پر فلمایا گیا تھا۔
مہیش بھٹ نے انکشاف کیا کہ پنکج ادھاس ابتدا میں فلم میں یہ گیت گانے سے ہچکچا رہے تھے اور کہہ رہے تھے کہ میں نے کبھی فلم میں اداکاری نہیں کی، میں تو صرف محفلوں میں گاتا ہوں۔
انہوں نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ پھر میں نے ان سے کہا کہ "آپکو بس اسی طرح پرفارم کرنا ہے جس طرح محفلوں میں کرتے ہیں”، مجھے یاد ہے کہ وہ بہت نروس تھے۔
واضح رہے کہ 1986 میں ریلیز ہونے والی فلم نام کی ہدایتکاری مہیش بھٹ نے ہی کی تھی۔
خیال رہے کہ بھارت سے تعلق رکھنے والے مشہو غزل گائیک پنکج ادھاس دو روز قبل 75 برس کی عمر میں چل بسے تھے۔