ماہرہ خان کیساتھ فیشن شوٹ ایک خواب تھا: بھارتی ڈیزائنر ساون گاندھی
پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ ماہرہ خان نے اپنے بالی ووڈ ڈیبیو سے فلمی شائقین کو متاثر کرنے کے بعد اب ایک بھارتی ڈیزائنر کے ساتھ فیشن شوٹ کے لیے تعاون کیا ہے۔
ماہرہ خان نے حال ہی میں بھارتی ڈیزائنر ساون گاندھی کے ساتھ ان کی نئی کلیکشن کی لانچ کے لیے اشتراک کیا ہے۔
پچھلے چند سالوں کے دوران ساون گاندھی کو زبردست مقبولیت حاصل رہی بالی ووڈ کی نامور شخصیات مختلف اہم مواقعوں پر ان کے ڈیزائن کیے ہوئے کپڑے پہنے نظر آئیں۔
ماہرہ خان نے بھارتی ڈیزائنر ساون گاندھی کے لیے یہ فیشن شوٹ دبئی میں کروایا۔
اداکارہ اس فیشن شوٹ کے دوران ساون گاندھی کے ڈیزائن کیے ہوئے شاندار جوڑوں کے ساتھ دبئی میں مقیم ایوارڈ یافتہ جیولری ڈیزائنر اور ماہرِ جیمولوجسٹ پاویت گجرال کے خوبصورت زیورات پہنے نظر آئیں۔
ساون گاندھی کا ماہرہ خان کے بارے میں کہنا ہے کہ میں ماہرہ خان کا اس وقت سے مداح ہوں جب میں نے اُن کا ڈرامہ سیریل ’ہمسفر‘ اور فلم ’رئیس‘ دیکھی تھی، ان کے ساتھ فیشن شوٹ ہو، یہ میرا ایک خواب تھا۔
اُنہوں نے کہا کہ میرے ڈیزائن ہمیشہ روایتی اور جدید انداز کا مرکب ہوتے ہیں جوکہ ماہرہ خان کی شخصیت کا مترادف ہے، وہ لگثری چیزوں کو انتہائی خوبصورتی اور حساسیت کے ساتھ بیان کرتی ہیں اور یہی وہ چیز تھی جو ہم دونوں میں مشترک تھی۔
بھارتی ڈیزائنر نے کہا کہ ماہرہ خان میرے لیے ایک متاثرکن شخصیت ہیں اور میرے نزدیک اس کے ساتھ شوٹنگ کا سب سے خاص حصہ ان کے ساتھ مل کر کام کرنے کا تجربہ تھا۔
اُنہوں نےکہا کہ ماہرہ خان کے اس فیشن شوٹ سے یہ عیاں ہوتا ہے کہ اُنہیں فیشن، ڈیزائن اور دستکاری کے بارے میں سمجھ وراثت میں ملی ہے۔
ساون گاندھی نے مزید کہا کہ ماہرہ خان کسی بھی ڈیزائنر کے لیے بالکل ایک خواب جیسی ہیں۔