خاقان شاہنواز کی خوبصورتی سے متعلق دیے گئے بیان پر وضاحت
پاکستانی خوبرو، نوجوان ماڈل، کونٹینٹ کریئٹر و اداکار خاقان شاہنواز نے خوبصورتی سے متعلق دیے گئے اپنے پرانے بیان پر وضاحت دی ہے۔
یاد رہے کہ خاقان شاہنواز نے اپنے ایک پرانے بیان میں کہا تھا کہ خوبصورت ہونے کے سبب اُنہیں شوبز انڈسٹری میں کام ملنے میں آسانی ہوئی۔
اُن کا ماضی میں کہنا تھا کہ اِنہیں گوری رنگت، دراز قد اور نیلی آنکھوں کی وجہ سے فائدہ ملا ہے اور اِنہیں بغیر کسی محنت اور مشکل کے آسانی سے شوبز میں کام ملنے لگا ہے۔
اُنہوں نے اپنے اس بیان پر اب حال ہی میں ایک پوڈ کاسٹ میں وضاحت دی ہے۔
اداکار کا کہنا ہے کہ انہوں نے اپنے پرانے بیان میں یہ نہیں کہا تھا کہ انہیں صرف گوری رنگت، سبز آنکھوں اور دراز قد کی وجہ سے انڈسٹری میں مواقع ملتے ہیں بلکہ اُنہوں نے یہ کہا تھا کہ ان کا خوبصورت ہونا بھی اِنہیں کام ملنے کی ایک وجہ ہے۔
پوڈ کاسٹ کے دوران میزبان شاہویر جعفری نے خاقان سے سوال کیا کہ کیا اِنہیں دانیال ظفر کے دوست ہونے کی وجہ سے کام ملتا ہے؟
اس پر اداکار کا کہنا تھا کہ اِنہیں اس لیے بھی کام ملتا ہے کہ جو ہمارے معاشرے نے خوبصورت مرد کا ایک خاکہ بنا رکھا ہے وہ اس پر پورا اترتے ہیں۔
خاقان شاہنواز نے وضاحت دیتے ہوئے مزید کہا کہ پرانے بیان میں اُن کے کہنے کا مطلب یہ نہیں تھا کہ وہ سب سے خوبصورت اور اچھے ہیں بلکہ وہ یہ بتانا چاہتے تھے کہ سماج کے بنائے گئے خود ساختہ اصولوں پر وہ پورا اترتے ہیں، اس لیے بھی انہیں کام مل جاتا ہے۔
خاقان شاہنواز کا انٹرویو کے دوران مزید کہنا تھا کہ مجھ سے بہتر اور باصلاحیت اور لوگ بھی ملک میں موجود ہیں لیکن اِنہیں شوبز میں کام کرنے کے مواقع نہیں مل رہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ ایسا اس لیے ہے کیوں کہ ممکنہ طور پر وہ سماج کے بنائے گئے خوبصورتی کے خاکوں پر پورا نہیں اترتے ہیں۔