شوبز شخصیات کو ہدایت کرنے کے بجائے اپنی اپنی قبر کی فکر کریں: اسما عباس
پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف و سینئر اداکارہ اسما عباس نے شوبز شخصیات پر تنقید کرنے والوں کو آڑے ہاتوں لے لیا۔
اداکارہ کا ایک مختصر ویڈیو کلپ اس وقت سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے، جس میں وہ تمام فنکاروں پر مذہب کے حوالے سے ہونے والی تنقیدوں کا کرارا جواب دیتے ہوئے کہہ رہی ہیں کہ انہیں ہدایت کرنے کے بجائے اپنی اپنی قبر کی فکر کریں کیونکہ مذہب ہر ایک کا ذاتی مسئلہ ہے۔
انہوں نے ناقدین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ تو ہم کو اس طرح جج نہیں کرتا جس طرح آپ لوگ کرتے ہیں بلکہ وہ تو بار بار غلطی ہونے کے باوجود بھی معاف کرنے والا ہے۔
اسما عباس نے کہا کہ وہ کس طرح عبادت کرتی ہیں، یہ ان کا اور ان کے خدا کا معاملہ ہے، وہ شوبز شخصیت ہیں اور ان کا کام لوگوں کو تفریح مہیا کرنا ہے لیکن لوگ کمنٹس کرکے ہدایات دیتے رہتے ہیں کہ نماز پڑھ لیں، دوپٹہ پہن لیں، بال ڈھانپ لیں اور پتا نہیں، کس کس طرح کی ہدایات کی جاتی ہیں۔
انہوں نے تنقید کرنے والوں کو مشورہ دیا کہ ان کی فکر کرنے کے بجائے اپنی فکر کریں، کیوں کہ ہر کسی نے اپنی اپنی قبر میں جانا ہے، کوئی ان کی قبر میں نہیں جا سکتا۔
اداکارہ نے یہ بھی کہا کہ جب خدا نے انہیں کینسر سے ایک بار نہیں چار بار نہیں، چھ چھ بار بچایا تو انہیں محسوس ہوا کہ خدا ان سے بہت پیار کرتے ہیں، ان کی دعائیں قبول کرتے ہیں، تبھی تو انہیں زندگی دی۔
انہوں نے مزید کہا کہ تنقید کرنے والوں کو یہ پتا نہیں کہ ان کے ساتھ اب بھی صحت کے کیا کیا مسائل ہیں اور وہ کیوں کسی کو بتائیں؟
اسما عباس کے مطابق جہاں انہیں بد دعائیں دینے والے لوگ ہیں، وہیں ان کے لیے دعائیں کرنے والے افراد بھی ہیں اور ان ہی کی دعائوں کی وجہ سے آج صحت مند زندگی گزار رہی ہیں۔