کام کو عبادت سمجھ کر کرتا ہوں: نعمان اعجاز

— فائل فوٹو

پاکستان کے ورسٹائل اداکار نعمان اعجاز کا کہنا ہے کہ پاکستانی قوم احساس کمتری کا شکار ہے، ان میں شعور کی کمی ہے، دوسرے کو خوش ہوتا دیکھ کر حسد کرتے ہیں۔

جیو نیوز کی نمائندہ صائمہ ہارون سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ور سٹائل اداکار نعمان اعجاز نے کہا کہ کام کو عبادت سمجھ کر کرتا ہوں، جب اداکاری کرتا ہوں تو اس وقت بھی باوضو ہوتا ہوں۔

دوران انٹرویو انہوں نے کیرئیر کے آغاز میں بطور نیوز کاسٹر اپنے پہلے انٹرویو کا دلچسپ قصہ بھی سنایا جب انہیں ’پپو‘ کہہ کر ریجیکٹ کر دیا گیا۔

انہوں نے اپنے مختلف کرداروں کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ مجھے اپنے ہر کردار کا کوئی نہ کوئی پہلو اپنی زندگی سے قریب تر لگا ہے، شاید یہ ہی وجہ ہے کہ اس کو نبھاتے وقت اس میں جدت آجاتی ہے۔

انہوں نے اپنی کامیابی کا راز بتاتے ہوئے کہا کہ اگر میں یہ کہوں کہ میں کام کو عبادت سمجھ کر کرتا ہوں، جب اداکاری کرتا ہوں تو اس وقت بھی باوضو ہوتا ہوں تو پاکستانی عوام مذاق اُڑائیں گے، تنقید کریں گے کہ میں وضو کرکے نامحرم عورتوں کے ساتھ کام کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے بزرگ کہتے تھے کہ کام پر وضو کرکے جانا چاہیے تاکہ برکت ہو، لیکن ہماری قوم جاہل ہے اس لیے وہ ہر چیز کو مذاق میں لے لیتی ہے۔

انہوں نے ٹرولنگ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا ہماری عوام ٹرولنگ سے اس لیے بعض نہیں آتی کیونکہ یہ احساس کمتری کا شکار ہے، ان میں شعور کی کمی ہے، نہ خود خوش رہ سکتے ہیں اور نہ ہی کسی دوسرے کو خوش دیکھ سکتے ہیں، کوئی خوش یا خوشحال ہو تو اسے دیکھ کر حسد کرتے ہیں۔ یہ اللہ پاک کا معجزہ ہے کہ 26 کروڑ ایک ہی جگہ جمع کردیا ہے۔

انہوں نے پاکستانی عوام کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ میں انہیں یہ کہوں گا کہ دوسروں کی خوشی میں خوش ہوں تاکہ آپ کا دامن بھی خوشیوں سے بھرا رہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے