فہد شیخ ساس سے پہلی ملاقات پر خوفزدہ کیوں تھے؟
پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار فہد شیخ نے انکشاف کیا ہے کہ جب وہ پہلی بار اپنی ساس سے ملاقات کے لیے گئے تھے تو بہت زیادہ خوفزدہ تھے۔
فہد شیخ نے حال ہی میں ایک نجی ٹی وی شو میں بطور میزبان شرکت کی جہاں اُنہوں نے اپنی ساس گلوکارہ شاہدہ منی سے ہونے والی پہلی ملاقات کے بارے میں بھی بات کی۔
اُنہوں نے بتایا کہ پہلی بار جب ساس سے ملنے گیا تو شدید خوف زدہ تھا کیونکہ ساس سے پہلی ملاقات کوئی فلمی صورتِ حال جیسی نہیں تھی اور مجھے بہت عجیب سا محسوس ہو رہا تھا اور میرے خیال میں ہر لڑکا ہی اس موقع پر تھوڑا کنفیوز ہوتا ہے۔
فہد شیخ نے بتایا کہ میری پسند کی شادی ہے تو اہلیہ خود اپنی والدہ سے ملوانے کے لیے لے کر گئی تھیں اور ساس کو میرے بارے میں مجھے سے ملاقات کرنے سے پہلے ہی سب کچھ معلوم تھا لیکن پھر بھی میرے لیے وہ ملاقات کافی خطرناک تھی اور میں اس وقت کافی گھبرایا ہوا تھا۔
اُنہوں نے یہ بھی بتایا کہ پہلی ملاقات میں ساس مجھے دیکھ کر مسکرائیں اور اُنہیں میں ایک شریف لڑکا لگا۔
واضح رہےفہد شیخ کی 2012ء میں نامور پاکستانی اداکارہ شاہدہ مِنی کی بیٹی مہرین سے شادی ہوئی تھی اور اب وہ بچوں کے والد بھی ہیں۔