بھارت میں بلال عباس اور سارہ خان کی مقبولیت
بھارتی ٹی وی اسکرین پر پاکستانی فنکاروں کا راج ہے۔ ڈرامہ سیریل ’عبداللّٰہ پور کا دیو داس‘ بھارت میں کامیابی سے جاری ہے۔ اس ڈرامہ میں مرکزی کردار ادا کرنے والے بلال عباس اور سارہ خان کی مقبولیت میں اضافہ ہوگیا۔
ڈرامہ کی کہانی ایک ہی عورت سے محبت کرنے والے دو نوجوان دوستوں کی ہے۔ فخر اور کاشف دونوں گل بانو کے پیار میں گرفتار ہیں لیکن سوال تو یہ ہے کہ کیا گل بانو اپنے دیوداس سے واقف ہے؟
یہ ڈرامہ ناظرین کو محبت کی المناک کہانی کے ذریعے ایک انجانے سفر پر لے جاتا ہے۔ کیا فخر کو آخرکار اپنی گل بانو مل جائے گی اور کیا گل بانو اس شاعر کو پہچان پائے گی جس کے الفاظ اور خیالات سے وہ انجانے میں محبت کر رہی ہے؟
یہ کہانی دیوداس کو حقیقی انداز میں سمیٹے گی یا دیو داس کی تاریخ کو غیر متوقع خوش کن اختتام دیا جائے گا؟
ڈرامے کی نہ صرف کہانی بہترین ہے بلکہ اس کے ساؤنڈ ٹریک بھی لاجواب ہیں۔ عدنان دھول، زین اور زوہیب کے ’اوہ صاحب‘ جیسے ٹریکس، عاصم رضا کے بول کیساتھ ڈرامے کو تقویت بخشتے ہیں۔
چینل زندگی ’عبداللّٰہ پور کا دیوداس‘ کو پاکستانی سامعین تک پہنچانے کےلیے سرگرمی سے راہیں تلاش کرتے ہوئے مختلف پلیٹ فارمز کے ساتھ بات چیت میں مصروف ہے۔
’عبداللّٰہ پور کا دیوداس‘ صدیوں پرانی کہانی کا ایک جدید انداز ہے، تاہم سوال ہے کہ آیا اس کا اختتام وہی پرانا ہوگا یا دیوداس کی داستان کو جدید انداز میں پیش کیا جائیگا؟
ڈرامہ شائقین پُرجوش انداز میں اس کا انتظار کر رہے ہیں تاکہ اس ڈرامے کے ذریعے وہ ایک ایسی دنیا میں قدم رکھیں جو ڈرامے، جذبات اور شاندار کہانی کا زبردست امتزاج ہے۔