کنگنا کا پوری انڈسٹری پر اقرباپروری کا الزام غلط ہے، عمران ہاشمی
بھارتی اداکار عمران ہاشمی نے کہا ہے کہ کنگنا کا پوری انڈسٹری پر اقرباپروری کا الزام لگانا غلط ہے۔
عمران ہاشمی اس وقت اپنی نئی ویب سیریز شو ٹائم کی ریلیز کے انتظار میں ہیں، جسکی کہانی بھی اقرباپروری کے مسائل کے گرد گھومتی ہے۔
بالی ووڈ میں اقرباپروری سے متعلق اداکارہ کنگنا رناوت نے بات شروع کی، جس کے بعد یہ بھارت میں شوبز انڈسٹری کا موضوع بن گیا۔
تاہم اپنے ایک تازہ انٹرویو کے دوران عمران ہاشمی کا کہنا تھا کہ انہیں کنگنا رناوت کا بیان حیران کن لگا۔
عمران ہاشمی نے کہا کہ بطور ایک فنکار میں کنگنا کو ذاتی طور پر پسند کرتا ہوں، شاید کنگنا کے ساتھ فلم انڈسٹری میں کچھ برا تجربہ ہوا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ میں نے فلم گینگسٹر میں کنگنا کے ساتھ کام کیا، اس فلم میں مجھ سے زیادہ کنگنا کا اہم کردار تھا، یہی وجہ ہے کہ انہیں اس فلم سے انڈسٹری میں آگے آنے کا موقع ملا۔
عمران ہاشمی کا کہنا تھا کہ میرا نہیں خیال کہ صرف اقرباپروری والوں کو ہی دوبارہ چانس ملتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کنگنا رناوت کی اپنی رائے ہوسکتی ہے لیکن اس کے پیچھے پوری انڈسٹری کو موردِ الزام ٹھہرانا غلط نہیں۔
انکا کہنا تھا کہ انڈسٹری میں کچھ نشے کے عادی ہوں گے لیکن سب نہیں ہیں۔
واضح رہے کہ 2017 میں کنگنا رناوت نے کرن جوہر کو فلم انڈسٹری میں اقرباپروری کا علمبردار قرار دیا تھا۔