کیدرناتھ کی شوٹنگ کے دوران سشانت ڈسٹرب نظر آتے تھے، ابھیشک کپور

تصویر سوشل میڈیا۔

بالی ووڈ کے معروف فلم ساز، پروڈیوسر، سابق اداکار اور مصنف ابھیشک کپور نے آنجہانی سشانت سنگھ راجپوت سے متعلق حیران کن باتیں بتائی ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ سشانت اپنی زندگی کے آخری برسوں میں کافی ڈسٹرب اور تنہا نظر آتے تھے۔

ابھیشک کپور نے آنجہانی اداکار سشانت سنگھ راجپوت کے ساتھ فلم کیدار ناتھ اور کائی پو چی میں کام کیا تھا۔

سدھارتھ کنن کے ساتھ اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں 51 سالہ فلمساز نے اپنی 2018 کی فلم کیدرناتھ کی شوٹنگ کے دنوں کو یاد کرتے ہوئے بتایا کہ سشانت کچھ بجھے بجھے اور پریشان نظر آتے تھے۔   

ابھیشک کپور نے کہا جب ہم نے سشانت سنگھ کا آڈیشن لیا تو وہ کافی زیادہ فربہی کا شکار تھے، جس پر میں نے یہ شرط رکھی اور انہیں ایک امریکی اداکار کی تصویر دکھائی اور کہا تمہیں ایسا نظر آنا ہے کیونکہ تم ایک کرکٹر ہو۔

جس پر سشانت نے زیادہ بات نہیں کی، ویسے بھی وہ کم بولتا تھا۔ لیکن اگلے تین ماہ میں اس نے کافی محنت کی۔ وہ صبح چھ بجے جاگ کر کرکٹ پریکٹس کرتا اور جم ٹریننگ کرنے لگا اور پھر وہ مذکورہ امریکی جیسا لگنے لگا۔ 

ابھیشک کے مطابق اس نے کیدرناتھ میں سخت سردی میں جو شوٹنگ کی اس سے تو ساتھی اداکارہ سارہ علی خان کافی متاثر ہوئیں۔  

ابھیشک کپور نے کہا کہ سشانت ویسے تو بڑے مضبوط قویٰ کے مالک اور کچھ بھی کرنے کی صلاحیت رکھتے تھے لیکن ان دنوں تنہا اور بے بس سے نظر آتے تھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے