بالی ووڈ اداکاروں کی پاکستانی ڈیزائنرز کے ملبوسات پہنے شرکت
ایشیا کے امیر ترین شخص مکیش امبانی کے چھوٹے بیٹے آننت امبانی کی شادی کی تقریبات دنیا بھر سے معروف شخصیات کی شرکت کے باعث میڈیا اور سوشل میڈیا کی خصوصی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہیں۔
بھارتی ریلائنس انڈسٹریز کے چیئرمین مکیش امبانی نے اپنے چھوٹے بیٹے آننت امبانی کی شادی سے پہلے کی تقریبات (پری ویڈنگ سرمنیز) میں تمام بین الاقوامی بزنس ٹائیکون، مشہور کھلاڑیوں اور بھارتی فلم انڈسٹری کی نامور شخصیات کو ریاست گجرات کے شہر جام نگر میں مدعو کیا۔
بالی ووڈ اداکار ان تقریبات میں شرکت کرنے کے لیے کافی پرجوش نظر آئے اور سب ہی اداکاروں نے اس موقع پر مشہور بھارتی ڈیزائنرز کے ڈیزائن کیے ہوئے بہترین ملبوسات کا انتخاب کیا۔
تاہم، کچھ مشہور شخصیات نے آننت امبانی کی شادی سے پہلے کی تقریبات میں پاکستانی ڈیزائنرز کے ڈیزائن کیے ہوئے ملبوسات پہننے کو ترجیح دی۔
اس موقع پر سونم کپور، رنبیر کپور اور ارجن کپور سمیت کئی مشہور اداکاروں کو پاکستان کے مشہور ڈیزائنر فراز منان، اقبال حسین اور حسین ریہر کے ڈیزائن کردہ ملبوسات پہنے دیکھا گیا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل کئی اہم موقعوں پر سری دیوی، کرینہ کپور، شاہ رخ خان اور کیارا ایڈوانی بھی پاکستانی ڈیزائنرز کے ملبوسات پہننے کا انتخاب کر چُکے ہیں۔