’نہ‘ کہنے کیلئے بلند حوصلہ، عظمت و وقار کی ضرورت ہوتی ہے: کنگنا رناوت
اپنے خیالات کا بے باکی سے اظہار کرنے والی بالی ووڈ کی کوئین اداکارہ کنگنا رناوت کا کہنا ہے کہ ’نہ‘ کہنے کے لیے بلند حوصلہ، عظمت و وقار کی ضرورت ہوتی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بالی ووڈ میں اقرباپروری کے خلاف آواز اٹھانے والی اداکارہ نے ایک بار پھر مکیش امبانی کے چھوٹے بیٹے آننت امبانی کی شادی سے قبل منعقد ہونے والی تقریبات میں شرکت کرنے پر بالی ووڈ کے ستاروں کو آڑے ہاتھوں لے لیا ہے۔
انہوں نے کسی کا نام لیے بغیر بالی ووڈ فنکاروں کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔
انہوں نے ماضی کے اخبار کی ایک خبر کا اسکرین شارٹ شیئر کرتے ہوئے اپنا مقابلہ لتا منگیشکر سے کرتے ہوئے طویل پیغام شیئر کیا ہے۔
انہوں نے طویل پیغام میں لکھا کہ بالی ووڈ میں صرف میں اور لتا جی 2 ہی ایسی شخصیات ہیں جنہوں نے پیسوں کے عوض کسی شادی کی تقریب میں پرفارم نہیں کیا۔
انہوں نے لکھا کہ جب میں نے ایوارڈ شوز میں جانے سے انکار کیا تو، مجھے کئی ہٹ سانگز کی پیشکش بھی کی گئی۔
کنگنا کے مطابق پیسے اور شہرت کو ٹھکرانے کے لیے ایک مضبوط کردار و حوصلہ درکار ہوتا ہے۔ شارٹ کٹس کی اس دنیا میں نئی نسل کو یہ سمجھنے کی ضرورت ہے کہ جو دولت دیانتداری میں ہے وہ ہی اصل دولت ہے۔