اسپین کی فتح کے ساتھ ختم ہونے والا فیفا ورلڈ کپ 2026 اپنی تاریخ کا ریکارڈ ساز ٹورنامنٹ بن گیا ماضی کے متعدد ریکارڈ پاش پاش ہو گئے۔
فیفا ورلڈ کپ نیوجرسی کے میٹ پال اسٹیڈیم میں اسپین کی فتح کے ساتھ اختتام پذیر ہو گیا۔ تاہم یہ ایونٹ کئی لحاظ سے ریکارڈ ساز ثابت ہوا اور ماضی کے متعدد ریکارڈ پاش پاش ہو گئے۔
سب سے بڑا ورلڈ کپ ٹورنامنٹ:
پہلی بار 48 ٹیموں کی شمولیت اور نئی فارمیٹ کے باعث کھیلے گئے 104 میچز کی وجہ سے یہ ٹورنامنٹ فیفا ورلڈ کپ کی تاریخ کا سب سے بڑا ٹورنامنٹ قرار پایا، جو تقریباً سوا مہینے تک جاری رہا۔
آمدنی:
فیفا کے مطابق ورلڈ کپ 2026 سے حاصل ہونے والی آمدن 7 ارب یورو (تقریباً 8 ارب ڈالر) سے تجاوز کرنے کی توقع ہے، جو قطر میں ہونے والے 2022 ورلڈ کپ کے مقابلے میں 56 فیصد زیادہ ہے۔
ریکارڈ تماشائی:
فیفا ورلڈ کپ 2026 امریکا، کینیدا اور میکسیکو کی مشترکہ میزبانی میں کھیلا گیا۔ ان میچز کو دیکھنے کے لیے مجموعی طور پر 68 لاکھ 10 ہزار شائقین نے اسٹیڈیمز کا رخ کیا۔
اس کے قبل اسٹیڈیم میں شائقین کی آمد کا ریکارڈ 1994 میں امریکا میں ہی ہونے والے میگا ایونٹ میں بنا تھا، جس میں 35 لاکھ 87 ہزار سے زائد تماشائی اسٹیڈیم آئے تھے۔
دنیا میں سب سے زیادہ دیکھے جانے والا ٹورنامنٹ ہونے کا دعویٰ:
فیفا کا کہنا ہے کہ میزبان ممالک اور دنیا بھر میں ٹی وی ویوورشپ کے تمام ریکارڈ ٹوٹ گئے، اگرچہ ادارے نے ابھی تفصیلی اعداد و شمار جاری نہیں کیے، تاہم امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک پریس کانفرنس میں دعویٰ کیا کہ ورلڈ کپ کو دنیا بھر میں تقریباً 6 ارب افراد نے دیکھا۔
اس سے قبل قطر میں 2022 کے فائنل، جس میں ارجنٹینا نے فرانس کو شکست دی تھی، کو 1.5 ارب افراد نے دیکھا تھا، جو اس وقت تک ورلڈ کپ کی تاریخ کا سب سے زیادہ دیکھا جانے والا میچ تھا۔
انعامی رقوم میں ریکارڈ اضافہ:
فیفا ورلڈ کپ 2026 کے مجموعی انعامی فنڈ میں بھی 15 فیصد اضافہ کیا گیا، جس کے بعد یہ 871 ملین ڈالر تک پہنچ گیا، جبکہ 2022 قطر ورلڈ کپ میں یہ رقم 440 ملین ڈالر تھی۔
فیفا کے صدر جیانی انفانٹینو نے انکشاف کیا کہ 2030 کے ورلڈ کپ کو 64 ٹیموں تک توسیع دینے کی تجویز کو فیفا کونسل کے سامنے پیش کر دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ فیفا ورلڈ کپ 2030 براعظموں پر پھیلے ہوئے 6 ممالک مشترکہ طور پر منعقد کریں گے۔ اسپین، پرتگال اور مراکش اس کے مرکزی مشترکہ میزبان ہوں گے، جبکہ یوراگوئے، ارجنٹینا اور پیراگوئے ٹورنامنٹ کی 100 ویں سالگرہ کی یاد میں افتتاحی مرحلے کا ایک ایک میچ منعقد کریں گے۔
