کترینہ کیف کو ’تیس مار خان‘ میں کاسٹ نہیں کرنا چاہتی تھی، فرح خان کا انکشاف
بالی ووڈ کی معروف ہدایتکارہ و فلم رائٹر فرح خان نے انکشاف کیا کہ وہ بھارتی باربی ڈول، معروف اداکارہ کترینہ کیف کو فلم ’تیس مار خان‘ میں کاسٹ نہیں کرنا چاہتی تھیں۔
فرح خان انڈسٹری کی معروف کوریوگرافروں اور ہدایتکاروں میں سے ایک ہیں۔
اُنہوں نے فلم اوم شانتی اوم، میں ہوں ناں سمیت کئی کامیاب فلموں کی ہدایت دی ہے۔
اُن کی فلم ’تیس مار خان‘ 2010ء میں ریلیز ہوئی تھی اور اس میں کترینہ کیف کے مدِمقابل اکشے کمار نے مرکزی کردار ادا کیا تھا۔
یہ فلم ناظرین کو متاثر کرنے میں ناکام رہی تھی لیکن اس فلم کا گانا ’شیلا کی جوانی‘ بلاک بسٹر ثابت ہوا تھا۔
حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران فرح خان نے انکشاف کیا ہے کہ وہ شروع میں کترینہ کیف کو فلم ’تیس مار خان‘ میں کاسٹ کرنے سے ہچکچا رہی تھیں، وہ کترینہ کیف کے اس فلم میں کام کرنے کے خلاف تھیں۔
’دی بامبے ڈریم‘ نامی شو میں فرح خان نے وجہ پر بھی بات کی کہ وہ کیوں کترینہ کو فلم میں کاسٹ نہیں کرنا چاہ رہی تھیں۔
فرح خان کا کہنا تھا کہ میں کترینہ کو اس فلم میں اکشے کے مدِ مقابل نہیں لینا چاہتی تھی کیوں کہ کترینہ نے اس فلم سے قبل اکشے کے ساتھ 7 سے 8 فلموں میں کام کر رکھا تھا، میں اپنی فلموں میں اداکاراؤں کے انتخاب کو واضح رکھنا چاہتی ہوں مگر اس فلم کے لیے کترینہ کو لینا میرے لیے مشکل ہو رہا تھا، کترینہ کی تصویر بار بار میرے ذہن میں آ رہی تھی اور میں اسے جھٹک رہی تھی۔
واضح رہے کہ اکشے کمار اور کترینہ کیف کی فلم ’تیس مار خان‘ فرح خان کے شوہر شریش کندر نے لکھی تھی۔
اس فلم کے فلاپ ہونے پر ایک پرانے انٹرویو میں فرح خان کا بتانا تھا کہ فلم پر تنقید کا سامنا کرنے کے بعد وہ گھر سے باہر نکلنا پسند نہیں کرتی تھیں۔
اُن کے مطابق وہ ایک لڑاکا اور نڈر خاتون ہیں مگر یہ تنقید اُن سے برداشت نہیں ہو رہی تھی اور وہ تنہائی چاہتی تھیں۔