فرح خان کو فلم ’میں ہوں ناں‘ میں کن اداکاروں کو کاسٹ کرنے میں مشکل پیش آئی؟

— فائل فوٹو

بالی ووڈ کی کوریوگرافر اور ہدایت کار فرح خان کا کہنا ہے کہ اُنہیں مشہور زمانہ فلم ’میں ہوں ناں‘ میں بیشتر اداکاروں کو کاسٹ کرنے میں مشکلات کا سامنا رہا۔

حال ہی میں بھارتی میڈیا کو دیے ایک انٹرویو کے دوران فرح خان نے انکشاف کیا ہے کہ بطور ہدایت کار ڈیبیو فلم ’میں ہوں ناں‘ میں سوائے شاہ رخ خان اور سشمیتا سین کے علاواہ تمام اداکاروں کی کاسٹنگ میں بےحد دشواری کا سامنا رہا۔

انہوں نے بتایا کہ مجھے شاہ رخ خان کے علاوہ ہمیشہ اپنی فلموں میں کاسٹنگ چیلنج کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ وہ ہمیشہ میری فلمیں کرنے پر راضی ہوتا ہے۔

بالی ووڈ فلم ساز فرح خان نے کاسٹنگ چیلنجز پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ’میں ہوں ناں‘ کے دوران ، ہمارے پاس کاسٹنگ ڈائریکٹر نہیں تھا، تو میں اور میرے اسسٹنٹ لوگوں کو کاسٹ کرتے تھے۔ شاہ رخ اور سشمیتا سین کے علاوہ کسی اداکار نے فلم کے لیے ہامی نہیں بھری تھی۔

فرح خان نے بتایا کہ فلم میں ’لکی‘ کا کردار جو زید خان نے نبھایا ابتداً اس کردار کے لیے ہریتک روشن، ابھیشیک بچن اور سہیل خان سے رابطہ کیا گیا تھا لیکن سب نے منع کردیا تاہم آخری لمحات میں زید خان کو اس کردار کے لیے کاسٹ کیا گیا تھا۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ہریتک روشن سے رابطہ ان کی ڈیبیو فلم سے قبل کیا گیا تھا لیکن جب ان کی ڈیبیو فلم ’کہو ناں پیار ہے‘ سُپر ہٹ ہوگئی تو انہوں نے ’میں ہوں ناں‘ میں کام کرنے سے منع کردیا۔

ہدایت کار نے بتایا کہ فلم کی شوٹنگ شروع ہونے سے 1 یا 2 ماہ قبل زید خان کی ایک فلم دیکھنے کے لیے سنیما گئی تھی، مجھے اس کی مسکراہٹ پسند آ گئی تھی بس پھر میں نے ان سے رابطہ کیا اور انہوں نے آخری لمحات میں اس کردار کے لیے ہامی بھر لی۔

انہوں نے بتایا کہ اسی طرح جو کردار اداکارہ امریتا راؤ نے ادا کیا اس کے لیے اداکارہ عائشہ تاکیہ کو کاسٹ کیا تھا لیکن اسی دوران امتیاز علی نے بھی انہیں فلم ’سوچا نہ تھا‘ کے لیے کاسٹ کرلیا وہ مجھ سے 5 دن کی چھٹی لے کر گئیں اور پھر 5 ہفتوں تک واپس نہیں آئیں تو فلم کی شوٹنگ سے 15 دن پہلے امریتا راؤ کو کاسٹ کیا گیا۔

فلم ساز نے یہ بھی انکشاف کیا کہ انہوں نے نصیر الدین شاہ، نانا پاٹیکر اور کمل ہاسن جیسے سینیئر اداکاروں سے بھی رابطہ کیا تھا لیکن سب نے دہشت گرد کے منفی کردار کو ٹھکرا دیا اور پھر آخری لمحات میں سنیل شیٹی نے وہ کردار ادا کیا۔

یاد رہے کہ 2004 میں ریلیز ہونے والی فرح خان کی اس فلم ’میں ہوں ناں‘ نے باکس آفس پر زبردست کامیابی حاصل کی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے