پاکستانی ڈرامے میرے فن کے تقاضے پورے نہیں کرتے، عنزیلہ عباسی
پاکستانی معروف ماڈل، اداکارہ و گلوکارہ عنزیلہ عباسی نے پاکستانی ڈراموں میں کام نہ کرنے کی وجہ سے متعلق بات کی ہے۔
معروف اداکارہ جویریہ عباسی اور اداکار و فلمساز شمعون عباسی کی بیٹی، سپر ماڈل عنزیلہ عباسی نے حال ہی میں ایک ٹاک شو میں شرکت کی ہے۔
اداکارہ کا اس دوران بتانا تھا کہ اُن کی تعلیم بیرونِ ملک کی ہے اور یہی وجہ ہے کہ اُن کے بات کرنے کا انداز اور طرزِ زندگی بہت مختلف ہے۔
عنزیلہ عباسی کا بتانا تھا کہ اُنہیں میوزک سے بہت لگاؤ ہے، اگر وہ کوئی خالص اپنی طرز کا گانا بناتی ہیں اور اُس گانے کو صرف دو لوگ ہی پسند کرتے ہیں تو اُن کے خیال میں یہ اُن کی کامیابی ہے۔
عنزیلہ عباسی نے شو کے دوران پاکستانی ڈراموں میں کام کرنے سے متعلق بھی بات کی۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ پاکستانی ڈراموں میں زیادہ تر خواتین کو نیچا اور کمزور دکھایا جاتا ہے، وہ ایسی نہیں ہیں، ڈرامے ساس بہو کی لڑائیوں پر مبنی ہوتے ہیں، یہ کہانیاں اُنہیں پسند نہیں ہیں اور وہ ان کہانیوں سے بالکل مختلف لڑکی ہیں، اسی لیے وہ ڈراموں میں کام کرنے کی ہامی نہیں بھرتیں۔
عنزیلہ عباسی کا مزید کہنا تھا کہ پاکستانی ڈرامے اُن کے فن اور ہنر کے مطابق نہیں بنتے، ایسے ڈرامے اُن کی اداکارانہ صلاحیتوں پر پورا نہیں اترتے۔