والدہ کے لیے باعث فخر بننا مقصد زندگی اور بھائی کو متاثر کرنا چاہتی ہوں، سارہ علی خان
بالی ووڈ اداکارہ سارہ علی خان کا کہنا ہے کہ وہ اپنے چھوٹے بھائی ابراہیم علی خان کو بطور بڑی بہن متاثر کرنا چاہتی ہیں۔
بھارتی میڈیا کے ساتھ حالیہ گفتگو کے دوران ممبئی فلم انڈسٹری کے معروف اداکار سیف علی خان اور امریتا سنگھ کی بیٹی سارہ نے کہا کہ فلموں میں پرفارمنس کے حوالے سے اپنی والدہ کے لیے باعث فخر بننا ان کی زندگی کا مقصد ہے۔
سارہ علی خان کا کہنا ہے کہ وہ اپنے بھائی ابراہیم کو متاثر کرنا چاہتی ہیں۔ کیونکہ ابراہیم نے میری فلم ذرا ہٹ کے، ذرا بچ کے، کو دیکھنے کے بعد مجھ سے کہا تھا کہ آپا جان مجھے آپ پر فخر ہے یا پھر جب وہ کہتا ہے کہ میری بہن کا گانا اچھا ہے اور پھر جب وہ تنہا ایک ٹریلر کے بعد دوسرے ٹریلر کو دیکھتا اور خوش ہوتا ہے۔
اداکارہ نے کہا کہ پھر جب میں خود کسی فلم کو دیکھتی ہوں جیسے مذکورہ فلم ہے تو پھر مجھے اپنے کام کی توثیق محسوس ہوتی ہے، انکا کہنا ہے کہ ایسا اس سے قبل محسوس نہیں ہوا۔
سارہ علی خان کا کہنا ہے کہ انھیں فلم سمبا اور کیدرناتھ کے بعد پہلے ہی عوامی پذیرائی مل گئی تھی، لیکن اپنی جانب سے میں خود کی توثیق نہیں کر پا رہی تھی۔ لیکن اب تعریف کی میں بھوکی ہوگئی ہوں کیونکہ درمیانی عرصے میں یہ کہیں گم ہو گیا تھا جو اب مل رہا ہے۔
واضح رہے کہ سارہ کو اپنی من کی باتیں کہنے کی ملکہ حاصل ہے۔ 28 سالہ سارہ کو حال ہی میں نیٹ فلکس فلم مرڈر مبارک میں دیکھا گیا اور اب وہ اپنا ڈرامہ اے وطن میرے وطن کی تیاری میں مصروف ہیں۔