نشا بانو نے دلجیت کیساتھ اپنی شادی کی تصویر پر خاموشی توڑ دی
بھارتی پنجابی انڈسٹری کی معروف اداکارہ و گلوکارہ نشا بانو نے معروف گلوکار دلجیت سنگھ دوسانجھ کے ساتھ وائرل اپنی شادی کی تصویر پر خاموشی توڑ دی ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں دلجیت دوسانجھ کی شادی سے متعلق خبریں زیرِ گردش تھیں۔
اس دوران بطور ثبوت اُن کی ایک شادی کی تصویر بھی وائرل تھی جس میں کوئی عام خاتون نہیں بلکہ بھارتی اداکارہ نشا بانو کو گلوکار کی اہلیہ کے طور پر دکھایا جا رہا تھا۔
اس تصویر کے وائرل ہونے کے بعد اب اداکارہ نشا بانو نے دلجیت کے ساتھ اپنی شادی کی افواہوں پر ردِعمل کا اظہار کیا ہے۔
نشا بانو نے اپنے انسٹاگرام ہینڈل پر ایک پوسٹ شیئر کی ہے جس میں انہوں نے دلجیت دوسانجھ کے ساتھ اپنی شادی کی تصویر اور وائرل خبروں کے اسکرین شاٹس بھی شیئر کیے ہیں۔
نشا بانو کا کیپشن میں اس وائرل خبر اور تصویر پر کہنا ہے کہ ’کوئی مجھے بھی پوچھ لو، مجھے ایسے ہی دلجیت کی بیوی بنا دیا ہے، یہ نیوز بہت وائرل ہو رہی ہے اور بہت سارے لوگ مجھے وائرل تصویر اور ویڈیو کے اسکرین شاٹ بھیج رہے ہیں اور ٹیگ کر رہے ہیں، مگر پنجابیوں کو پتہ ہے کہ میں سمیر ماہی کی بیوی ہوں، یہ بات بالی ووڈ کو کون سمجھائے۔‘
یاد رہے کہ دلجیت دوسانجھ اکثر اوقات امریکا میں اپنی زندگی سے متعلق وی لاگز شیئر کرتے رہتے ہیں۔
گلوکار نے آج تک اپنے خاندان اور فیملی سے متعلق بات نہیں کی ہے تاہم ان کی بیوی اور بچے کے بارے میں اکثر انٹرنیٹ پر خبریں گردش کرتی رہتی ہیں۔