پولیو کے خاتمے کیلئے اقدامات کی شاندار انداز میں وکالت، یونیسیف مومن ثاقب کا معترف

مومن ثاقب ـــ فوٹوبشکریہ یونیسیف پاکستان

پاکستانی اداکار و سوشل میڈیا انفلوئنسر مومن ثاقب  نے لاہور میں یونائیٹڈ نیشن چلڈرن فنڈز(یونیسیف) کے لاہور میں منعقد ہونے والے ایک ایونٹ میں شرکت کی۔

مومن ثاقب نے یونیسیف کے ایونٹ کے دوران پاکستان میں پولیو کے خاتمے کے لیے اُٹھائے جانے والے اقدامات کی شاندار انداز میں وکالت کی اور یہ بھی بتایا کہ سوشل میڈیا کو پولیو مہم کے بارے میں غلط معلومات کے پھیلاؤ کی روک تھام کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے۔

اُنہوں نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر یونیسیف کے اس ایونٹ سے ایک ویڈیو کلپ بھی شیئر کیا جس میں اُنہیں بہت پُرجوش انداز میں سوشل میڈیا کے استعمال سے پولیو اور دیگر جان لیوا بیماریوں کے بارے میں پھیلی ہوئی غلط معلومات پر قابو پانے کے بارے میں بات کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ 

مومن ثاقب نے اپنی پوسٹ کے کیپشن میں ایونٹ میں بطور اسپیکر مدعو کرنے پر یونیسف کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ رضاکاروں، یونیسف اور اس کے پارٹنرز کی اجتماعی کوششوں سے جلد ہی ملک سے پولیو کا خاتمہ ہوجائے گا۔

یونیسیف نے بھی سوشل میڈیا ویب سائٹ ایکس پر اپنی ایک پوسٹ میں مومن ثاقب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا کہ’پرجوش اور پرعزم نوجوان ایک طاقتور قوت ہیں جو پولیو کا خاتمہ کرنے اور بچوں کو دیگر مہلک بیماریوں سے بچانے کے لیے پاکستان کی کوششوں کو آگے بڑھائیں گے‘۔

فوٹو بشکریہ ایکس

سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے بھی اس اقدام پر مومن ثاقب کی خوب تعریفیں کی جا رہی ہیں۔

واضح رہے کہ مومن ثاقب اداکار ہونے کے ساتھ ساتھ ایک پبلک اسپیکر بھی ہیں اور اکثر ہی اس طرح کی تقاریب میں شرکت کرکے اپنی معلومات سے دوسروں کو مستفید کرتے نظر آتے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے