مخصوص کرداروں کیلئے رنگت کی اہمیت سے متعلق صبا حمید کا اہم انکشاف
پاکستان شوبز انڈسٹری کی مایاناز سینئر اداکارہ صبا حمید نے ماضی میں سانولی رنگت کے باعث پیش آنے والی مشکلات کے بارے میں کھل کر بات کی۔
حال ہی میں صبا حمید نے ساتھی اداکارہ عفت عمر کے پوڈ کاسٹ میں بطور مہمان شرکت کی اور اپنے کیرئیر کے آغاز، ماضی میں پیش آنے والی مشکلات اور موجودہ دور میں شوبز انڈسٹری کے اقدار پر کھل کر بات چیت کی۔
دوران انٹرویو میزبان و ساتھی اداکارہ عفت عمر نے اپنی مہمان سے سوال کیا کہ مجھے تو میری سانولی رنگت کے باعث انڈسٹری میں کافی کچھ سننا پڑا، کام ملنے میں دشواری کا سامنا رہا، کیا آپ کے ساتھ بھی ایسا ہی تھا کہ آپ کو اپنی رنگت کی وجہ سے کسی قسم کے امتیازی سلوک کا سامنا کرنا پڑا؟
صبا حمید نے میزبان کے سوال پر ہنستے ہوئے انکشاف کیا کہ میں تو یہ سوچتے ہوئے بڑی ہوئی ہوں کہ میری رنگت گوری ہے، مجھ پر تو بہت بعد میں انکشاف ہوا کہ میرا رنگ گورا نہیں بلکہ سانولا ہے۔
انہوں نے انڈسٹری کے رویے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ مجھے میری سانولی رنگت کی وجہ سے کبھی کوئی پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑا، مجھے جب بھی جو کردار دیا گیا، میں اس میں باآسانی ڈھل گئی۔
سینئر اداکارہ نے مزید کہا کہ شاید ایسا اس لیے ہے کہ ہم اچھے وقتوں میں انڈسٹری میں آگئے تھے اور اپنا ایک مقام بنالیا تھا لیکن اب سے کچھ عرصہ قبل شوبز انڈسٹری کے اقدار بدل گئے ہیں، اب ایسا نہیں ہے کہ آپ کی سانولی رنگت ہوگی تو آپ کو چند مخصوص کرداروں کے لیے ہی کاسٹ کیا جائے گا اور اگر گوری رنگت ہوگی تو مرکزی کرداروں کے لیے موضوع سمجھا جائے گا۔
انہوں نے ایک قصہ سناتے ہوئے کہا کہ کچھ عرصہ قبل مجھے معلوم ہوا کہ ایک بہت ہی ٹیلنٹڈ اداکارہ ہیں، انہیں صرف اس لیے کاسٹ نہیں کیا گیا کیونکہ ان کی رنگت سانولی تھی لیکن شکر ہے میرے ساتھ کبھی کسی نے اس طرح کا رویہ اختیار نہیں کیا۔