اسپین میں انٹرنیٹ قوانین میں بڑی تبدیلی: 2027 سے تیز رفتار اور سستا انٹرنیٹ لازمی قرار

Screenshot

Screenshot

اسپین کی حکومت نے ٹیلی کمیونی کیشن کے شعبے میں ایک بڑی اصلاحات کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت یکم جنوری 2027 سے نیا “یونیورسل ٹیلی کمیونی کیشن سروس” ریگولیشن نافذ ہوگا۔ اس نئے قانون کا مقصد ملک بھر میں انٹرنیٹ کی رفتار، معیار اور رسائی کو بہتر بنانا ہے، جبکہ صارفین کے لیے قیمتوں میں کمی بھی یقینی بنائی جائے گی۔

حکومت کی جانب سے تیار کردہ نئے رائل ڈیکری کے مطابق اب صارفین کسی ایک مخصوص کمپنی تک محدود نہیں رہیں گے بلکہ وہ اپنی پسند کی کسی بھی آپریٹر کمپنی سے سروس حاصل کر سکیں گے۔ اس اقدام سے نہ صرف مقابلے کا رجحان بڑھے گا بلکہ صارفین کو بہتر سروسز بھی میسر آئیں گی۔

نئے قواعد کے تحت تمام ٹیلی کام کمپنیوں پر لازم ہوگا کہ وہ کم از کم 100 Mbps ڈاؤن لوڈ اور 5 Mbps اپ لوڈ کی رفتار فراہم کریں۔ اس کے علاوہ انٹرنیٹ کنکشن کی تاخیر (لیٹنسی) بھی ایک مقررہ حد کے اندر رکھنا ہوگی۔ یہ بہتری فائبر آپٹک، 5G نیٹ ورک اور سیٹلائٹ ٹیکنالوجی کی مدد سے ممکن بنائی جائے گی۔

دور دراز اور کم ترقی یافتہ علاقوں میں جہاں انٹرنیٹ سروس فراہم کرنا مشکل ہے، وہاں حکومت خود مداخلت کرتے ہوئے کمپنیوں کو سروس فراہم کرنے کے لیے ٹھیکے دے گی۔ اس کا خرچ بڑی ٹیلی کام کمپنیوں کے درمیان مشترکہ طور پر تقسیم کیا جائے گا۔

اس قانون کا ایک اہم پہلو سماجی تحفظ بھی ہے۔ کم آمدنی والے افراد کے لیے انٹرنیٹ بل پر کم از کم 25 فیصد رعایت دینا لازمی ہوگا، جس سے اندازاً 8 لاکھ گھرانے مستفید ہوں گے۔ اس رعایتی نظام کی نگرانی Comisión Nacional de los Mercados y la Competencia کرے گی۔

مزید برآں، معذور افراد کے لیے خصوصی سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی، جن میں ایسے موبائل اور آلات شامل ہوں گے جو ان کی ضروریات کے مطابق ہوں۔ اس کے ساتھ “ریئل ٹائم ٹیکسٹ” (RTT) سروس بھی متعارف کرائی جائے گی، جس کے ذریعے کال کے دوران فوری طور پر ٹیکسٹ پیغامات بھیجے اور پڑھے جا سکیں گے۔

یہ نیا قانون اسپین میں ڈیجیٹل سہولیات کو عام کرنے اور انٹرنیٹ کو ہر شہری کے لیے زیادہ تیز، سستا اور قابل رسائی بنانے کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے