امجد صابری کی 8 ویں برسی، بیٹے مجدد کا خصوصی پیغام
پاکستان کے لیجنڈری قوال امجد صابری کو مداحوں سے بچھڑے ہوئے 8 برس بیت گئے۔
امجد صابری کی 8ویں برسی کے موقع پر ان کے بیٹے مجدد امجد صابری نے مداحوں کے لیے ایک خصوصی پیغام جاری کیا ہے۔
مجدد امجد صابری نے اپنے فیس بک پیج پر جاری کردہ پیغام میں کہا کہ آج 16رمضان المبارک کو میرے والد امجد صابری کی 8 ویں برسی ہے اور اس موقع پر میں والد کے تمام مداحوں کا شکریہ ادا کرنا چاہوں گا جنہوں نے آج تک میرے والد صاحب کو دلوں میں زندہ رکھا اور والد صاحب کے دنیا سے رخصت ہوجانے کے بعد بھی ہمیں بہت محبت اور عزت دی۔
اُنہوں نے اپنے پیغام کے آخر میں مداحوں سے امجد صابری کو خراجِ عقیدت پیش کرنے اور اپنی پوری فیملی کو دعاؤں میں یاد رکھنے کی درخواست بھی کی۔
واضح رہے کہ پاکستان کے لیجنڈری قوال غلام فرید صابری کے بیٹے اور مقبول صابری کے بھتیجے امجد صابری 23 دسمبر 1976ء کو کراچی میں پیدا ہوئے تھے۔
8 سال قبل کراچی میں 16 رمضان المبارک 22 جون 2016ء کو شام 4 بجے کے قریب نامعلوم افراد نے امجد صابری کی گاڑی پر فائرنگ کی اور اس دوران سر پر گولیاں لگنے سے ان کی موت واقع ہوگئی۔
یوں لوگوں میں محبتیں بانٹنے والے خوبصورت انسان اور بہترین قوال امجد صابری کو دہشت گردوں نے بظاہر ہمیشہ کے لیے خاموش کروا دیا لیکن لوگوں کے دلوں میں وہ آج بھی زندہ ہیں۔