ماہرہ خان کو اپنے کون سے انداز سب سے زیادہ پسند ہیں؟
پاکستانی سپر اسٹار ماہرہ خان کی جانب سے اپنے 5 آئیکونک انداز پر ردِ عمل کا اظہار کیا گیا ہے۔
ماہرہ خان ڈرامہ انڈسٹری اور لالی ووڈ سمیت بالی ووڈ میں بھی کنگ خان، شاہ رخ خان کے مدِ مقابل اپنی اداکاری اور خوبصورتی کے جلوے بکھیر چکی ہیں۔
ماہرہ خان بین الاقوامی سطح پر مشہور برانڈز کی بطور ایمبیسڈر بھی پاکستان کا نام روشن کر چکی ہیں۔
اداکارہ کی جانب سے زیب تن کیے جانے والا ہر لباس ہر انداز مداحوں کو خوب بھاتا ہے جبکہ ماہرہ خان بھی اپنے شائقین کے دلوں کو نت نئے انداز اپنا کر لبھانا خوب جانتی ہیں۔
ماہرہ خان نے حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران اپنے کانز فلم فیسٹیول کے گاؤن سے لے کر فلم ’پرے ہٹ لَو‘ میں اپنے مشہور ترین کلاسیکل ہٹ گانے ’مورے سیاں‘ میں پہنی گئی گہرے سرخ رنگ کی انارکلی فراک کو پسندیدہ قرار دیا۔
فلم ’بول‘ کی اداکارہ ماہرہ خان نے انٹرویو کے دوران ’فلیش بیک‘ نامی سیگمنٹ میں اپنے 5 مشہور ترین میک اوور پر بھی ردعمل ظاہر کیا ہے۔
ویڈیو کے آغاز میں ماہرہ نے کانز فلم فیسٹیول میں پہنے گئے گاؤن پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ’اوہ، پسندیدہ ترین ، کیا میں اسے مشہور کہہ سکتی ہوں؟ یہ کوئی مذاق نہیں، یہ زندگی میں ایک بار ہوا تھا اور مجھے اس سے پیار ہے۔‘
اس کے بعد ماہرہ خان کو ان کے اپنے برانڈ کے جوڑے میں ملبوس تصویر دکھائی گئی، اس پر اداکارہ نے پرجوش انداز میں کہا کہ ’ایم بائے ماہرہ خان، یہ میرا دوسرا شوٹ تھا، میں یہ کرتا بہت پہنتی ہوں۔‘
تیسری تصویر ماہرہ خان کو لکس اسٹائل ایوارڈز کی دکھائی گئی جس میں انہوں نے دیدہ زیب سنہری گاؤن پہنا ہوا تھا اور اس میں بٹر فلائی کی طرح بنی آستینیں نمایاں تھیں۔
اس پر اداکارہ کا کہنا تھا کہ ’مجھے امید ہے کہ میں اس قسم کے کپڑے دوبارہ پہنوں گی، میں منتظر ہوں، مجھے اس تصویر میں کیا گیا میک اپ بھی پسند ہے۔‘
اداکارہ کی اگلی تصویر پیرس فیشن ویک سے لی گئی تھی جس میں اُنہوں نے سیاہ اور سفید مغربی لباس زیب تن کیا ہوا تھا۔
ماہرہ خان نے اپنی یہ تصویر دیکھتے ہوئے کہا کہ ’اوہ میرے خدا، یہ تصویر میری کارل شو سے لی گئی ہے، میں یہاں پیرس میں موجود تھی، مجھ سے انتظار نہیں ہو رہا کہ میں واپس پیرس چلی جاؤں، میری خواہش ہے کہ میں یہاں واپس جاؤں۔‘
اس سیگمنٹ کے دوران ماہرہ خان اپنی آخری تصویر دیکھتے ہوئے کافی جذباتی نظر آئیں، اس تصویر میں انہوں نے سرخ فراک پہن رکھی تھی۔
اداکارہ کا اس تصویر کو دیکھتے ہوئے کہنا تھا کہ ’ہائے، مورے سیاں، یہ فراک بہت وزنی تھی مگر میں نے اسے کافی بار پہنا تھا، مجھے یہ بہت پسند ہے۔‘