ورون دھون کا مومی مجسمہ سڈنی کے مادام تساؤ میوزیم میں نصب
حال ہی میں اپنے مداحوں کو جلد ہی والد بننے کی خوش خبری سنانے والے بالی ووڈ کے معروف اداکار ورون دھون کے مداحوں کے لیے ایک اور بڑی خبر سامنے آگئی۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق آسٹریلیا کے شہر سڈنی کے مادام تساؤ میوزیم میں ورون دھون کا مومی مجسمہ رکھ دیا گیا ہے۔
میڈیا ذرائع کے مطابق یہ مجسمہ کنگ خان ، شاہ رخ خان کے مجسمے کے ساتھ رکھا گیا ہے۔ صرف یہ ہی نہیں بلکہ اس مجسمے کے ساتھ ہی ورون دھون نے تاریخ بھی رقم کر دی ہے۔
ورون دھون کا مومی مجسمہ میوزیم میں رکھے جانے کے بعد وہ بالی ووڈ کے کم عمر ہیرو بن گئے ہیں جن کا مجسمہ سڈنی کے مادام تساؤ میوزیم میں رکھا گیا ہے۔
مادام تساؤ کے آفیشل انسٹاگرام ہینڈل نے اس حوالے سے مختصر ویڈیو کلپ بھی شیئر کیا ہے جس میں ورون کا مومی مجسمہ سپر اسٹار شاہ رخ خان کے مجسمے کے ساتھ رکھا گیا ہے۔
اس مجسمے کے لیے ان کی ڈیبیو فلم ’اسٹوڈنٹ آف دی ایئر‘ کے مشہور گانے ’ ڈسکو دیوانے‘ کا مخصوص اسٹیپ منتخب کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل 2018 میں بھی ورون دھون کا مومی مجسمہ ہانک کانگ کے مادام تساؤ میوزیم میں رکھا جاچکا ہے۔
ورون دھون بالی ووڈ کے کم عمر ترین اداکار ہیں جن کا مومی مجسمہ ہانک کانگ کے مادام تساؤ میوزیم میں رکھا گیا ہے۔
واضح رہے کہ ورون دھون ایٹلی کمار کی ہدایتکاری میں بننے والی فلم تھیری کے ری میک میں جلد نظر آئیں گے۔ تامل فلم ’تھیری‘ 2016 میں ریلیز ہوئی تھی۔