دیپیکا پڈوکون کا اپنے حمل کے دوران ’کامیابی‘ سے متعلق معنی خیز پیغام
جَلد ہی اپنے پہلے بچے کو خوش آمدید کہنے والی بالی ووڈ کی ڈمپل گرل، اداکارہ دیپیکا پڈوکون کی جانب سے خواتین کی کامیابی سے متعلق اہم اور معنی خیز پیغام شیئر کیا گیا ہے۔
گزشتہ روز دیپیکا پڈوکون نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر ایک پوسٹ شیئر کی۔
دیپیکا کی جانب سے شیئر کیے گئے اس اقتباس کا مفہوم کچھ یوں ہے کہ ’اپنے ارد گرد نظر دوڑائیں کہ آپ کہاں ہیں، دیکھیں کہ آپ کامیابی کی تعریف کو تبدیل کرنے کے لیے کیا کر سکتے ہیں، تاکہ آپ کے بعد آنے والی خواتین کو ایسا محسوس نہ ہو کہ کامیابی حاصل کرنے کے لیے اِنہیں طویل عرصے تک ذہنی، جسمانی اور جذباتی مشکلات جھیلنا پڑیں گی۔‘
اپنی اس انسٹاگرام اسٹوری میں دیپیکا پڈوکون نے خواتین کو ایک دوسرے کے لیے آسانیاں پیدا کرنے کا ایک خاموش پیغام دیا ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ پوسٹ ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب دیپیکا پڈوکون اور اُن کے شوہر، اداکار رنویر سنگھ اپنے پہلے بچے کو آئندہ ستمبر میں خوش آمدید کہنے والے ہیں۔
یاد رہے کہ اس خوبصورت اور مضبوط جوڑی نے اس سال فروری میں اپنے حمل کا اعلان کیا تھا۔
کام کے محاذ پر دیپیکا پڈوکون کو حال ہی میں رہیتک روشن کے ساتھ نیٹ فلکس شو ’فائٹر‘ میں دیکھا گیا ہے۔
دیپیکا پڈوکون کے متعدد پروجیکٹس آنے والے ہیں، وہ جلد ہی نامور اداکار پربھاس کے ساتھ ’کالکی 2989‘ میں نظر آئیں گی۔
اس فلم میں امیتابھ بچن اور کمل ہاسن بھی اہم کردار ادا کر رہے ہیں، یہ فلم رواں سال مئی میں سینما گھروں کی زینت بنے گی۔