سانت جوردی (سینٹ جارج ڈے) تحقیق وتحریر سید ایاز حسین
سال ایک ہزار چورانوے سے "سینٹ جوردی ” کاتالونیا کے سرپرست سینٹ ہیں ۔ تیئس اپریل کا دن انگریزی میں "سینٹ جارج ڈے”، ہسپانوی زبان میں” سان خورخے” اور کاتالان میں "سانت جوردی "کے نام سے جانا جاتا ہے۔ یہ د ن روایتی طور پر محبت اور ثقافت کو عروج اور پروان دینے والے جذباتی تہوار کے طور پر منایا جاتا ہے۔ اس دن مرد ،عورتوں کو گلاب (زیادہ تر گہرے سرخ رنگ والے) پیش کرتے ہیں اور عورتیں ،مردوں کو ایک کتاب بطور تحفہ دیتی ہیں۔ اس دن کو "دیا دے لِبرو” (یوم کتاب) ، "پھولوں کا دن” یا "سانت جوردی دن” بھی کہا جاتا ہے۔ یہ دن عالمی ادب کے جانے پہچانے ولیم شیکسپیئر، میگوئل دے سربانتے اور جوسیپ پلا کی برسی کا دن بھی ہے ۔ کاتالونیا کے تمام شہروں اور قصبوں کی سڑکیں اور چوراہے ایک دن کے لیےروشنیوں ، کتابوں کے اسٹالوں اور رنگوں سے بھر جاتے ہیں۔ اتفاقاً یہ تہوار عالمی یوم کتاب کے موقع پر ہی منا یا جاتا ہے۔
کاتالونیا کا روایتی رقص "سردانا” پلازہ سان جومے” میں تمام دن ہوتارہتا ہے۔ بہت سے پبلشرز اور ریسٹورنٹ ایک خاص تقریب "مصنف کا کلام مصنف کی زبانی”کا اہتمام بھی کرتے ہیں۔ اس دن "جنریلیتات” کی عمارت عوام کے لیے کھول دی جاتی ہے جسے پھولوں اور کتابوں سے سجایا ہوتاہے اور لوگ شوق سے اس تاریخی عمارت کی سیر کرتے ہیں