نور الحسن نے والد کے کرداروں میں نظر آنے کی وجہ بتا دی
پاکستان شوبز انڈسٹری کے سینئر اداکار نور الحسن نے ڈراموں میں ہیرو کے بجائے والد کے کرداروں میں نظر آنے کی وجہ بتا دی۔
نور الحسن نے حال ہی میں ایک ویب شو میں بطور مہمان شرکت کی جہاں اُنہوں نے مختلف موضوعات پر دلچسپ گفتگو کی۔
شو کے دوران اداکار سے یہ سوال پوچھا گیا کہ آپ نے ڈراموں میں والد کا کردار کیوں ادا کرنا شروع کردیا جب کہ ان کے بہت سے ہم عصر اب بھی ہیرو کا کردار ادا کر رہے ہیں؟
نور الحسن نے اس سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ مجھے اسکرین پر ویسا ہی نظر آنا پسند ہے جیسا کہ میں قدرتی طور پر اس عمر میں نظر آتا ہوں۔
اُنہوں نے کہا کہ مجھے ہیرو کے کردار کرنے کے لیے اپنا حُلیہ بدلنا پڑے گا اور مجھے اس کے لیے بالوں کو رنگنا یا نقلی بال لگانا پسند نہیں ہے، اس لیے میں نے اب والد کے کردار ادا کرنا شروع کردیے۔
اداکار نے مزید کہا کہ والد کا کردار ادا کرتے ہوئے میں اپنی پسند کے مطابق اسکرین پر اپنے اصلی حُلیے میں نظر آ سکتا ہوں۔