سلمان خان کے گھر کے باہر فائرنگ کا واقعہ، اسلحہ برآمد
بالی ووڈ سپر اسٹار سلمان خان کے گھر کے باہر فائرنگ کے لیے استعمال کیے جانے والی پستول پولیس نے برآمد کرلیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس کی سینئر ٹیم نے پیر کو دریائے تاپی میں تلاش کا کام شروع کیا تھا جس کے بعد منگل کو دریا سے 2 پستول، 13 گولیاں اور 3 میگزین برآمد کرلی گئیں۔
بھارتی پولیس کے مطابق گرفتار دونوں شوٹرز نے مبینہ طور پر یہی اسلحہ سلمان خان کے گھر کے باہر فائرنگ کرنے کے لیے استعمال کیا تھا۔
بھارتی پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان نے تفتیش کے دوران بتایا تھا کہ فائرنگ کرنے کے بعد اسلحہ گجرات کے علاقے سورت میں دریائے تاپی میں پھینک دیا تھا۔
اس س قبل پولیس نے انکشاف کیا تھا کہ ملزمان کو سلمان خان کے گھر کے باہر 10 راؤنڈز چلانے کے احکامات ملے تھے اور ان کے پاس دو پستول تھے۔
یاد رہے کہ سلمان خان کے ممبئی کے علاقے باندرا میں واقع گیلکسی اپارٹمنٹس کے باہر 14 اپریل کو فائرنگ کا واقعہ پیش آیا تھا۔