نہیں چاہتا لوگ پرفارمنسز پر بات چیت کھانے کی میز پر لے جائیں، فہد فاصل
فلم پشپا کے اداکار فہد فاصل نے کہا ہے کہ سنیما سے آگے بھی زندگی ہے، نہیں چاہتا کہ لوگ اداکاروں یا پرفارمنسز پر بات چیت کو اپنی کھانے کی میز پر لے جائیں۔
فہد اس وقت فلم آویشام میں اپنی جاندار پرفارمنس پر خوب پذیرائی حاصل کر رہے ہیں۔
ملیالم، تیلگو اور کناڈا سنیما میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھانے والے فہد نے اپنے ایک بیان کے ذریعے سوشل میڈیا پر نئی بحث چھیڑ دی۔
ایک انٹرویو کے دوران فہد کا کہنا تھا کہ زندگی میں فلمیں دیکھنے کے علاوہ اور بھی بہت کچھ ہے۔
جنوبی بھارت کے اس اداکار کا کہنا تھا کہ مجھے وقت کی پابندی کا کوئی احساس نہیں رہتا، میں وقت پر کام شروع یا ختم نہیں کرتا، اور نہ ہی یہ پروجیکٹ پہلے سے طے شدہ تھا۔
فہد فاصل کا کہنا تھا کہ میں صرف وہ کام کر رہا ہوں جن کے بارے میں میں پُرجوش ہوں، میں ہمیشہ اپنے دیکھنے والوں کو یہ بتاتا ہوں کہ انکے ساتھ میری وابستگی صرف اتنی ہے کہ میں کوشش کروں گا اور فلم کو دیکھنے کے قابل بناؤں گا۔
انکا کہنا تھا کہ میں نہیں چاہتا کہ ناظرین میرے بارے میں دوسری صورت میں سوچیں، یا اس بات کی فکر کریں کہ میں اپنی زندگی کے ساتھ کیا کر رہا ہوں۔
فلم پشپا کے اداکار نے تجویز دی کہ ایک بار جب آپ تھیٹر چھوڑ دیں تو مجھے سنجیدگی سے نہ لیں، میرے بارے میں صرف اس وقت سوچیں جب آپ تھیٹر میں ہوں۔
انکا کہنا تھا کہ میں نہیں چاہتا کہ لوگ اداکاروں یا پرفارمنسز پر بات چیت کو اپنی کھانے کی میز پر لے جائیں، فلم سے متعلق گفتگو تھیٹر یا پھر گھر جانے کے دوران کریں کیونکہ سنیما اس سے آگے نہیں ہے۔
فہد نے کہا کہ سنیما کی ایک حد ہے اور سنیما دیکھنے کے علاوہ آپ اپنی زندگی میں اور بھی بہت کچھ کر سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ فہد فاصل فلم پشما میں جلوہ گر ہوئے جبکہ وہ اب بطور انسپکٹر شیخاوت پشپا ٹو میں پشپا یعنی الو ارجن کے مدمقابل نظر آئیں گے۔