صبا فیصل کے بیان پر، حرا خان اور سعدیہ فیصل آمنے سامنے آگئیں

— فائل فوٹو

پاکستان شوبز انڈسٹری سے وابستہ سینئر اداکارہ صبا فیصل کے بیٹے اور بیٹیوں سے متعلق بیان پر تنازع کھڑا ہوگیا۔ اداکارہ حرا خان اور صبا فیصل کی بیٹی، اداکارہ و ماڈل سعدیہ فیصل آمنے سامنے آگئیں۔

ہوا کچھ یوں کہ گزشتہ دنوں سینیئر اداکارہ صبا فیصل نے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں شرکت کی جہاں انہوں نے بیٹیوں اور بیٹوں کے حوالے سے ایک بیان دیا، جس کی نامکمل ویڈیوز سوشل میڈیا کی زینت بن گئیں۔

سوشل میڈیا پر وائرل ان نامکمل ویڈیوز سے یوں گمان ہوتا ہے کہ صبا فیصل بیٹیوں پر بیٹوں کو ترجیح دینے کی بات کر رہی ہیں۔

سوشل میڈیا پر گردش ہونے والی ان نامکمل ویڈیوز نے جیسے ہی اداکارہ حرا خان کی توجہ حاصل کی تو انہوں نے سینئر اداکارہ کو بیٹیوں پر بیٹوں کو ترجیح دینے پر آڑے ہاتھوں لے لیا۔

اداکارہ حرا نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اسٹوری شیئر کرتے ہوئے مایوسی کا اظہار کیا اور لکھا کہ ’حیران ہوں کہ انہوں نے یہ بیوقوفانہ بات کہنے کی ہمت کی‘۔

بس پھر کیا تھا، اداکارہ صبا فیصل کی بیٹی اور اداکارہ و ماڈل سعدیہ فیصل کو یہ کمنٹ ایک آنکھ نہ بھایا، اپنی والدہ کی حمایت میں میدان میں اُتر آئیں اور حرا خان کو منہ توڑ جواب دے دیا، جس پر دونوں اداکارؤں کے درمیان سوشل میڈیا پر لفظوں کی جنگ چھڑ گئی۔

سعدیہ فیصل نے لکھا کہ ہر کسی کو حق ہے کہ وہ اپنے خیالات کا اظہار کرسکے لیکن میں آپ کے الفاظ پڑھ کر حیران ہوں، آپ کو اپنی ہی انڈسٹری کے سینیئر فنکاروں کی عزت کرنا چاہیے۔

بعدازاں حرا خان نے سعدیہ فیصل کے ردعمل کا جواب دیتے ہوئے ایک اور اسٹوری شیئر کی، جس میں انہوں نے مزید لکھا کہ ایک ایسا ملک جہاں نوزائیدہ بچیوں کو صرف اس وجہ سے جان سے ماردیا جاتا ہے کہ وہ بیٹا نہیں ہے، جہاں لڑکیوں کو پہلے ہی بوجھ سمجھا جاتا ہے وہاں صبا جی جیسی بڑی شخصیت کا ایسا بیان دینا صحیح نہیں ہے۔ میں ان کے فن کا احترام کرتی ہوں لیکن ان کے اس موقف سے متفق نہیں ہوں۔

سعدیہ فیصل نے ایک اور اسٹوری میں بات کو ختم کرتے ہوئے لکھا کہ آپ ان کی باتوں کو غلط رنگ دے رہی ہیں، انہوں (صبا فیصل) نے جو کہا وہ اس تناظر میں نہیں تھا جو آپ سمجھ رہی ہیں۔ برائے مہربانی بات یہی ختم کریں۔

بعدازاں سینیئر اداکارہ صبا فیصل اپنا دفاع کرنے کے لیے خود بھی میدان میں اُتر آئیں اور حرا خان کو ٹیگ کرتے ہوئے لکھا کہ حرا یہ بات کرنے کے لیے ابھی زندگی کا تجربہ حاصل کرنا بہت ضروری ہے۔

واضح رہے کہ صبا فیصل نے نجی ٹی وی چینل کو دیئے گئے انٹرویو میں ساتھی فنکار کی بات کا جواب دیتے ہوئے کہا تھا کہ جس طرح بیٹیاں والدین کے لیے ضروری ہوتی ہیں اسی طرح بیٹے بھی والدین کے لیے ضروری ہوتے ہیں۔ 

انہوں نے کہا تھا کہ اگر اللہ تعالیٰ نے کسی کو دونوں سے نوازا ہے تو اس پر شکر ادا کرنا چاہئے لیکن اگر کسی کے پاس ایک نعمت نہیں ہے تو اس پر مایوس نہ ہوں، لیکن ساتھ ہی اس پر خوش ہونے کی بھی ضرورت نہیں ہے کیونکہ دونوں کی اپنی اہمیت ہے۔

انہوں نے مزید کہا تھا کہ چاہئے بیٹا ہو یا بیٹی، اولاد کا فرمانبردار ہونا ضروری ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے