ہوپ آف اوورسیز پاکستانیزکا بارسلونا میں اوورسیز کنونشن،ساجد تارڑ کی خصوصی شرکت، پاکستانی کمیونٹی کی بڑی تعداد میں شرکت
بارسلونا(دوست نیوز)ہوپ آف اوورسیز پاکستانیزکے چئیرمین مہران تارڑ،صدر شیخ سعید،ایگزیٹوممبران،بورڈ ممبران،اسپین ٹیم اور ہوپ کے ہر ممبر کی محنت و کوشش سے بارسلونا میں اوورسیز کنونشن کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں سر پرست ہوپ آف پاکستانیز اوورسیز ساجد تارڑ نے خصوصی شرکت کی۔ساجد تارڑ اور قونصل جنرل بارسلونا مراد علی وزیر کے ہال میں پہنچنے پر پرتپاک استقبال کیا گیا۔کنونشن کا آغاز تلاوت قرآن مجید اور نعت رسول مقبول ﷺ سے ہوا جس کی سعادت قاری عبدالرحمن اور قدیر اے خان نے حاصل کی۔جبکہ اسٹیج سیکرٹری کے فرائض شمائلہ صدیقی اور شاہد احمد شاہد نے سر انجام دئیے۔ پاکستان کا قومی ترانہ قونصل جنرل مراد علی وزیر اور ہال میں موجود تمام افراد نے مل کر پڑھا اور احتراما کھڑے رہے۔
کنونشن میں پاکستانی کمیونٹی کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی اور اس امید کا اظہار کرتی رہی کہ ہمارے مسائل حل ہونگے، پاکستان زندہ باد کے نعرے بھی لگاتے رہے۔ہوپ آف پاکستانیز اوورسیزکے عہدیداران اور مہانوں نے جن میں چوہدری محمد جعفر،چوہدری ساجد گوندل ،چوہدری مہران تارڑ اور دیگرنے اپنے خطاب نے میں کمیونٹی کو یقین دہانی کرائی کہ اس فورم کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں ہوگا یہ خالصتا فلاحی کاموں اور مسائل میں جکڑے اوورسیز کی آواز بنے گا۔ ہوپ ایک سوچ،ایک ارادہ اورایک خواہش ہے۔اس ہوپ کا خواب ایک سال پہلے چند دوستوں نے دیکھا تھا آج اللہ کے کرم سے ایک قافلہ بن گیا ہے۔مقررین نے کہا کہ جب ہمیں اس فورم پر سیاست کی بھنک پڑی تو اہم اس سے الگ ہو جائیں گے۔ ساجد تارڑ کی اوورسیز پاکستانیوں کے لئے خدمات کو بھی خراج تحسین پیش کیا گیا۔
قونصل جنرل مراد علی وزیر نے اپنے خطاب میں کہا کہ منڈی بہاوالدین کے لوگ انتہائی ملنسار، یار باش اور خدمت گزار اور انسانیت کے لئے کام کرنے والے لوگ ہیں ڈیڈ باڈی کی ترسیل کے سلسلہ میں جو بات اس فورم سے ہوئی ہے میں کہوں گا کہ یہاں بہت ساری ایسوسی ایشنز ہیں جو یہ کام کررہی ہیں آپ لوگوں کو چاہئیے کہ ان میں سے کسی کا بھی حصہ بن جائیں کیونکہ اب آپ لوگوں نے کبھی بھی واپس پاکستان نہیں جانا ہے،
انہوں نے کہا کہ موت کہیں بھی اور کسی بھی عمر میں آسکتی ہے اس۔ سال مارچ سے اب تک تقریبا 60 افراد موت کے منہ میں چلے گئے ہیں ہمارے پاس اتنے فنڈز نہیں ہیں کہ اس لوڈ کو برداشت کر سکیں ہم ان سماجی کام کرنے والوں کی طرف دیکھتے ہیں اور ان کی مدد سے میت کو پاکستان بھجواتے ہیں آپ لوگ اپنے گاؤں اور شہر کے لوگوں کے ساتھ اپنی کمیٹیاں بناکر ایک دوسرے سے جڑ جائیں تاکہ کل کو کوئی پریشانی نہ ہو
ساجد تارڑ نے اپنے خطاب میں کہا کہ میں جب بھی بارسلونا آیا ہوں ڈھیروں محبتیں ملی ہیں میں ان کا مقروض ہوں انہوں نے کہا کہ مجھے خوشی ہوئی کہ آج ہم نے خود اپنا ترانہ پڑھا ہے مجھے امید ہے کہ آئندہ آپ اسپین کا قومی ترانہ بھی پڑھیں گے
آج میں آپ کو اپنی 35سال تارک وطن والی زندگی کا تجربہ آپ کو بتاتا ہوں کہ آپ اس وقت تک کامیاب ہو ہی نہیں سکتے جب تک آپ یہاں سے رزق کماتے ہیں اس مٹی سے محبت نہیں کرتے،جب تک آپ اسپین سے مخلص نہیں ہونگے آپ کامیاب نہیں ہونگے،آپ یہاں مضبوط ہونگے تو پاکستان میں آپ کے مسائل حل ہونگے۔انہوں نے کہا کہ میری ساری زندگی سیاست میں گزری ہے میں آپ لوگوں سے کہنا چاہتا ہوں کہ سیاست کریں لیکن پاکستان میں نہیں یہاں اسپین کی سیاست کا حصہ بنیں اور میں اسی ہیغام کو آگے بڑھانا چاہتا ہوں اور میں چاہتا ہوں کہ اب جب اسپین میں انتخابات ہوں تو آپ لوگ مل کر اپنا ایک نمائندہ ضرور کھڑا کریں اور میں آپ لوگوں کی الیکشن کمپین چلانے کے لئے یہاں آوں،
انہوں نے کہا کہ ہوپ بنانے کا مقصد یہ ہے کہ بہت ساری آرگنائزیشز موجود ہیں اور وہ کام بھی کررہی ہیں لیکن ہم وہ کام کریں گے جو یہ تنظینات نہیں کررہی ،ڈنکی لگا کر آنے والے لوگوں کے مسائل کو حل کریں گے جس پر آج تک کسی نے توجہ نہیں دی ،آپس میں بھائی چارہ قائم کریں جو وقت کی سب سے اہم ضرورت ہے اور یہ ثواب کا بھی کام ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہوپ ایک سماجی ادارہ ہے جس سے صرف عوام کی خدمت کی جائے گی، میرے ساتھیوں نے کہا کہ سیاست ہوئی تو چھوڑ جائیں گے میں کہتا ہوں کہ اگر سیاست ہوئی تو میں خود سب سے پہلے اس پلیٹ فارم کو چھوڑ دوں گا ۔