کمیونٹی کی خدمت میں وقاص اکرم کا عملی قدم

اسپین میں پاکستانیوں کی نوجوان نسل جو اعلی تعلیم یافتہ ہے خود آگے بڑھنے کے ساتھ ساتھ ان اپنے ہم وطنوں کو بھی اپنے ساتھ آگے بڑھانے کا مو قع فراہم کررہے ہیں،

نوجوان سمجھتے ہیں کہ اسپین میں پاکستانی کس وجہ سے پیچھے ہیں اور کس طرح یہ آگے بڑھ سکتے ہیں وجہ تلاش کرتے ہیں اور پھر اس کا حل بھی تجویز کرتے ہیں ایسا ہی ایک ہونہار پاکستانی نوجوان وقاص اکرم ہے جس نے صرف باتیں ہی نہیں کیں بلکہ عملی کام بھی کر دکھایا ہے،کون سا ایسا شعبہ ہے جس کی پاکستانیوں کو ضرورت ہو اور اس نوجوان نے یو ٹیوب پر اس شعبہ سے متعلق تمام تر معلومات اور رہنمائی نہ دی ہو، اسپانش زبان سیکھنے کا عمل ہو، ڈرائیونگ لائسنس کا امتحان ہو، نیشنلٹی کے امتحان کی ضرورت ہو، ہر امتحان کی مکمل تیاری سے لے کر رہنمائی تک فراہم کی ہے اب جو سب سے بڑی خدمت کی ہے اس کی مثال ہی نہیں ملتی ،نوجوان وقاص اکرم نے اسپانش زبان سیکھنے کے لئے بالکل بنیادی سطح کی ایک کتاب مرتب کی ہے جس کے پڑھنے سے عام پاکستانی اسپانش زبان بولنے کے قابل ہو جائے گا اگر اسپانش زبان بولنے کے قابل ہو جائے تو وہ ملازمت کے قابل ہو جائے گا،امتحانات دینے کے قابل ہو جائے گا اور اگر ڈرائیونگ لائسنس پاس کرنے کے قابل ہوجائے تو اس ترقی کو دو کی بجائے چار پہیے لگ جائیں گے 

کتنے ایسے لوگ ملتے ہیں جو یہ کہتے پائے گئے ہیں کہ وقاص اکرم کی ویڈیوز دیکھ کر میں نے فلاں امتحان پاس کیا ہے ،اور آج اس کی بدولت میں فلاں کام کررہا ہوں اور عزت کی روٹی کما رہا ہے یہ نوجوان ناصرف رہنمائی کررہا ہے بلکہ دعائیں بھی سمیٹ رہا ہے۔

اگر آپ اس قابل ہیں کہ آپ کی قابلیت کی وجہ سے کسی دوسرے کا بھلا ہوجائے تو اس قابلیت کو ضرور بروئے کار لانا چاہئیے صرف باتوں سے اور تعریفی کلمات سے کام نہیں ہوتا عملی طور پر جان مارنی پڑتی ہے اور نوجوان وقاص اکرم جان مار رہا ہے اور اس کے بدلے پاکستانی کمیونٹی اسے عزت کی سزاوار قرار دے رہی ہے اور اللہ سبحانہ تعالی بھی عزت سے نواز رہا ہے 

وقاص اکرم نے اسپانش بول چال کی ابتدائی کتاب لکھ کر نا صرف کمیونٹی اور نئے آنے والوں کے لئے ترقی کی راہیں کھولیں ہیں بلکہ صاحب کتاب ہو کر خود کو بھی امر کر لیا ہے اسپانش جاننے والے بہت ہونگے خدمت بھی کررہے ہونگے لیکن تاریخ میں اور لوگوں کے دلوں میں رقم ہوجانا ہر کسی کے بس میں نہیں ہے۔

وقاص اکرم کتاب کے بارے میں کہتے ہیں !

اگر آپ اسپین میں نئے ہیں یا ہسپانوی زبان سیکھنا شروع کر رہے ہیں، تو یہ کتاب آپ کے لیے ہے، کیونکہ اس میں ہر موضوع کے لیے بنیادی الفاظ اور جملے شامل ہیں۔ کتاب کو دو حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے، پہلا ذخیرہ الفاظ کا ہے اور دوسرا جملوں کا ہے۔ انشاء اللہ اگلی کتاب ہسپانوی گرائمر پر ہوگی۔

اس کتاب میں آپ کو اردو زبان میں کچھ غلطیاں نظر آ سکتی ہیں، پیشگی معذرت، کیونکہ میری تعلیم اسپین میں ہے اور میں نے صرف 7 سال پاکستان میں تعلیم حاصل کی، اس لیے اردو اتنی اچھی نہیں ہے۔ میں نے کوشش کی ہے کہ آسان ترین الفاظ کے ساتھ یا عام الفاظ میں ترجمہ کرنے کی کوشش کی ہے، نہ کہ زیادہ نفیس، بولی جانے والی اردو

اب اسپین میں بسنے والی پاکستانی کمیونٹی کا بھی فرض بنتا ہے کہ وہ اپنے اس نوجوان کی حوصلہ افزائی کریں ،کتاب کی رونمائی کریں وقاص اکرم کی پزیرائی کریں تاکہ وہ اس عملی خدمت کا سلسلہ جاری رکھ سکے صاحب حیثیت پاکستانی کتابیں خرید کر اپنے ہاں کام کرنے والے پاکستانیوں کو تحائف دیں ایسا کرنے سے ایک تو وقاص اکرم کی حوصلہ افزائی ہو گی دوسرا وہ نوجوان پاکستانی جو معاشی مشکلات کی وجہ سے کام سے چھٹی کر کےاسکول نہیں جا سکتے انہیں تحفہ میں کتاب ملے گی جس سے وہ اسپانش کی ابتدائی معلومات حاصل کر کے زبان بولنے کے قابل ہو جائیں گے ۔

دیکھئیے اب کون آگے بڑھتا ہے اور اپنے اس جوہر قابل کی تحسین کرتا ہے آج وقاص اکرم کی حوصلہ افزائی ہو گی تو کل کو اور نوجوان بھی دیکر شعبہ ہائے زندگی میں آگے بڑھ کر اپنی کمیونٹی کا ہاتھ پکڑیں گے اور یہ سلسلہ اسی طرح چلتا رہے گا  

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے