بارسلونا/معروف بزنس مین اور سماجی شخصیت چوہدری یاسر ریحانیہ کی جانب سے حکومت پاکستان سے ایوارڈ حاصل کرنے والے چوہدری امانت حسین مہر (ستارہ امتیاز)اور قدیراحمد خان (تمغہ برائے حسن کارکردگی) کے اعزاز میں کیفے زوک ریسٹورنٹ پر پزیرائی تقریب کا اہتمام،قونصل جنرل مراد علی وزیر کی خصوصی شرکت کی۔

تقریب پذیرائی میں پاکستانی کمیونٹی سے تعلق رکھنے والی کاروباری، سیاسی، سماجی اور مذہبی شخصیات سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی کے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
مہمانوں کی آمد پر چوہدری یاسر ریحانیہ نے پھولوں کے گلدستے پیش کرکے پرتپاک استقبال کیا

تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآنِ مجید اور نعت رسول مقبولﷺ سے ہوا، جس کی سعادت ضرغام حیدر مصطفوی شوکت اویسی نے حاصل کی پیش کی۔جبکہ نظامت کے فرائض حافظ عبدالرزاق صادق نے ادا کیے۔

قونصل جنرل مراد علی وزیر نے اپنے خطاب میں کہا کہ وہ اسپین کی سیاسی جماعتوں میں شامل ہو کر یہاں کے سیاسی اور سماجی نظام میں فعال کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ بیرونِ ملک زندگی میں محنت اور معاشی کامیابی کے ساتھ اپنے خاندان اور بچوں کو وقت دینا بھی ضروری ہے۔ بچوں کی اچھی تربیت سے وہ معاشرے میں بہتر طور پر گھل مل سکیں گے اور پاکستانی کمیونٹی کا انضمام بھی مضبوط ہوگا۔

ڈائریکٹر منہاج القرآن اسپین مفتی اعجاز احمد قادری نے کہا کہ چوہدری امانت حسین مہر اور قدیر احمد خان کو ملنے والے اعزازات پہلے اللہ تعالیٰ کی عطا کردہ عزت ہیں، جس کے بعد حکومتِ پاکستان نے انہیں قومی اعزازات سے نوازا۔ انہوں نے کہا کہ جب اللہ تعالیٰ کسی کو عزت عطا فرمائے تو کمیونٹی کو بھی ان شخصیات کی قدر اور عزت کرنی چاہیے۔

چوہدری امانت حسین مہر نے میزبان چوہدری یاسر ریحانیہ اور تقریب میں شریک کمیونٹی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ اعزازات صرف ان کی ذات کے لیے نہیں، بلکہ اسپین، یورپ اور دنیا بھر میں مقیم اوورسیز پاکستانیوں کے لیے باعثِ فخر ہیں۔

قدیر احمد خان نے کہا کہ انسان محنت کرتا رہے تو اللہ تعالیٰ اسے عزت اور احترام سے نوازتا ہے۔
میزبان چوہدری یاسر ریحانیہ نے قونصل جنرل اور تمام معزز مہمانوں کی شرکت پر شکریہ ادا کیا۔
