27 ستمبر کو پی ٹی آئی اسپین کے زیرِ اہتمام بارسلونا میں ہونے والے احتجاجی مارچ کی ایک مختصر ویڈیو سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہے، جس میں چند افراد کو بھنگڑا ڈالتے ہوئے دیکھا گیا۔ اس مختصر ویڈیو کو بنیاد بنا کر پی ٹی آئی اسپین کی پوری ٹیم اور اس کے احتجاجی پروگرام پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔

ہم سمجھتے ہیں کہ اس معاملے پر حقیقت واضح کرنا ضروری ہے۔
سب سے پہلے یہ بات بالکل واضح ہے کہ بھنگڑا یا اس نوعیت کی کوئی سرگرمی پی ٹی آئی اسپین کے احتجاجی مارچ کا حصہ نہیں تھی، نہ یہ پارٹی کا پروگرام تھا اور نہ ہی انتظامیہ کی طرف سے اس کی کوئی اجازت یا منصوبہ بندی کی گئی تھی۔ان خیالات کا اظہار جنرل سیکرٹری پی ٹی آئی اسپین چوہدری عبدالصبور نے کیا انہوں نے مزید کہا کہ یہ ویڈیو مارچ شروع ہونے کے وقت کی ہے۔ ایک نوجوان، جس کا پی ٹی آئی اسپین کی تنظیم سے کوئی تعلق نہیں، وہاں آیا اور اس نے اچانک بھنگڑا ڈالنا شروع کر دیا۔ اس کے بعد ایک اور نوجوان اس میں شامل ہوا جو پی ٹی آئی اسپین کے تنظیمی عمل کا حصہ نہیں ہے، جبکہ ڈاکٹر ہما جمشید صاحبہ جو پی ٹی آئی اسپین کے تنظیمی عمل کا باقاعدہ حصہ ہیں اور انکی نہ صرف پارٹی کے لئے بلکہ پاکستانی کمیونٹی کے لئے خدمات کی ایک لمبی تاریخ ہے بھی اس موقع پر ان کے ساتھ چند لمحات کے لئے شامل ہوئیں۔

پی ٹی آئی اسپین کی انتظامی ٹیم نے اس سرگرمی کو احتجاج کا حصہ نہیں بنایا اور نہ ہی اس پر فوری ردعمل دے کر روکنے کی کوشش کی لیکن چند ہی لمحات میں پی ٹی آئی کے سانگز کو بند کر دیا گیا اور اس عمل کو روک دیا گیا-
لیکن کسی بھی بڑی عوامی ریلی یا مارچ میں موجود ہر شخص کے ہر لمحے کے انفرادی عمل کو مکمل طور پر کنٹرول کرنا عملی طور پر ممکن نہیں ہوتا۔
لہٰذا ایک مختصر ویڈیو کلپ کو بنیاد بنا کر پوری تنظیم، اس کی قیادت، اس کے کارکنوں اور کئی ماہ سے جاری عملی سیاسی جدوجہد کو متنازع بنانے کی کوشش مناسب نہیں۔
ہم ان تمام دوستوں سے بھی ایک سوال ضرور کرنا چاہتے ہیں جو عمران خان سے محبت کا دعویٰ کرتے ہیں لیکن سوشل میڈیا پر بیٹھ کر ان لوگوں پر تنقید کرتے ہیں جو مسلسل سڑکوں پر نکل کر عملی جدوجہد کر رہے ہیں:
اگر آپ کو کسی چیز پر اعتراض ہے تو آئیں، ہمارے ساتھ کھڑے ہوں، عملی جدوجہد کا حصہ بنیں، اپنی تجاویز دیں اور جہاں کوئی غلطی نظر آئے، نشاندہی کریں۔
پی ٹی آئی اسپین کی ٹیم نے محض سوشل میڈیا پر دعوے نہیں کیے بلکہ مسلسل احتجاج، مظاہروں، سٹریٹ موومنٹ اور عوامی رابطہ مہمات کے ذریعے اپنی سیاسی وابستگی کا عملی اظہار کیا ہے۔
تنقید آپ کا حق ہے، لیکن تنقید کے ساتھ حقیقت کو بھی سامنے رکھنا ضروری ہے۔
ہم کسی کی نیت پر سوال نہیں اٹھانا چاہتے اور نہ ہی کسی کے جذبات کو مجروح کرنا چاہتے ہیں۔ عمران خان سے محبت اور سیاسی وابستگی رکھنے والا ہر شخص اپنے جذبات کا اظہار اپنے انداز میں کر سکتا ہے۔ لیکن کسی ایک فرد کے انفرادی عمل کو پوری تنظیم کے کھاتے میں ڈال دینا درست نہیں۔
27 ستمبر کا احتجاجی مارچ آئین، جمہوریت، سیاسی حقوق، آزادیٔ اظہار اور عمران خان سمیت سیاسی قیدیوں کی رہائی کے مطالبات کے لیے تھا۔ پی ٹی آئی اسپین کی انتظامیہ اور کارکنوں نے اسی مقصد کے لیے اپنی ذمہ داریاں ادا کیں۔
ہم اپنی جدوجہد پر قائم ہیں۔
اور جو دوست سوال کرنا چاہتے ہیں، ان کے لیے ہمارے دروازے کھلے ہیں۔
جو تنقید کرنا چاہتے ہیں، وہ بھی کریں۔
لیکن اگر واقعی عمران خان کے نظریے اور سیاسی جدوجہد سے وابستگی ہے تو صرف سوشل میڈیا پر تبصرہ کرنے کے بجائے عملی مزاحمت اور جمہوری جدوجہد کا حصہ بنیں۔
پی ٹی آئی اسپین اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔
اختلاف کے باوجود احترام کے ساتھ، تنقید کے باوجود حوصلے کے ساتھ، اور سیاسی جدوجہد کے اپنے عزم کے ساتھ۔
