پوجا بھٹ کی پونم پانڈے پر تنقید، موت کی جھوٹی خبر کو توہین آمیز قرار دے دیا

فوٹو: فائل

بھارتی اداکارہ و پروڈیوسر پوجا بھٹ نے پونم پانڈے کی جانب سے پھلائی گئی اپنی ہی موت کی جھوٹی خبر کے عمل کو توہین آمیز قرار دے دیا۔ 

واضح رہے کہ پونم پانڈے کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے یہ خبر جاری کی گئی تھی کہ پونم سروائیکل کینسر میں مبتلا ہونے کے بعد چل بسیں۔ 

تاہم ایک روز بعد ہی پونم نے خود سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو بیان میں اس کی تردید کی اور کہا کہ وہ زندہ ہیں اور یہ سب انہوں نے سروائیکل کینسر کی آگاہی مہم کےلیے کیا۔ 

سوشل میڈیا پر موت کی جھوٹی خبر کی مہم پر جہاں پونم پانڈے کو تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے وہیں پوجا بھٹ نے بھی انکی تعزیت کےلیے کی گئی ٹوئٹ کو ڈیلیٹ کرتے ہوئے پونم کے اس عمل کو توہین آمیز قرار دیا۔ 

مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ایکس پر پوجا بھٹ نے تحریر کیا کہ ’’میں کبھی اپنے ٹوئٹس ڈیلیٹ نہیں کرتی لیکن مجھے پونم پانڈے کی موت پر اپنے جذبات کا اظہار کرنے والے اس ٹوئٹ کو ڈیلیٹ کرنا پڑا۔‘‘ 

انہوں نے پونم کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ آخر کیوں ایسا ہورہا ہے؟ معلوم ہوا ہے کہ ڈیجیٹل ٹیم کے ذریعے یہ خبر بنوائی گئی۔ 

پوجا بھٹ نے کہا کہ ایسا کرنا ان لوگوں کی توہین ہے جو اس مرض میں مبتلا ہیں۔ 

واضح رہے کہ اپنے ڈیلیٹ کیے گئے پیغام میں پوجا نے پونم کےلیے لکھا تھا کہ پونم پانڈے کی موت کا سن کر بہت صدمہ ہوا۔ میری ان سے ملاقات تو کبھی نہیں ہوئی لیکن کم عمر شخص کی موت ہمیشہ تباہ کن ہوتی ہے۔ 

اس پیغام میں پوجا بھٹ نے پونم پانڈے اور ان کے اہلِ خانہ کے ساتھ تعزیت کا بھی اظہار کیا تھا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے