شہزاد رائے نے ملالہ یوسفزئی اور انکے والد کا شکریہ کیوں ادا کیا؟

— فائل فوٹو

پاکستانی معروف گلوکار و سماجی کارکن شہزاد رائے نے دنیا کی سب سے کم عمر نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی اور ان کے والد ضیاءالدین کا زندگی ٹرسٹ کے لیے امریکا میں فنڈز اکٹھے کرنے پر شکریہ ادا کر دیا۔

فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر گلوکار نے انسٹااسٹوری اور پوسٹ شیئر کی ہے۔

انہوں نے نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی اور ان کے والد ضیاءالدین کے ہمراہ ایک تصویر شیئر کی ہے جو غالباً زندگی ٹرسٹ کے لیے امریکا میں فنڈز جمع کرنے کے دوران لی گئی تھی۔

گلوکار نے اپنی پوسٹ کے کیپشن میں ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا کہ میں ملالہ یوسفزئی اور ضیاءالدین کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں، جو دوربین اور زندگی ٹرسٹ کے لیے عطیات جمع کرنے اور یہ شعور بیدار کرنے کہ صرف معیاری تعلیم اور پیشہ ور اساتذہ ہی ملک کی اگلی نسل کو پروان چڑھا سکتے ہیں، کی خاطر خصوصی طور پر امریکا تشریف لائے۔

خیال رہے کہ ملالہ یوسفزئی اور ان کے والد ضیاء الدین یوسفزئی شہزاد رائے کی زندگی ٹرسٹ اور اساتذہ کے تربیتی پروگرام ’دوربین‘ کے لیے امریکا میں منعقد کیے گئے فنڈ ریزنگ گالا میں شرکت کی۔

دونوں باپ اور بیٹی جنہوں نے دنیا بھر میں لڑکیوں کی تعلیم کے لیے اپنی آواز اٹھانے پر شہرت حاصل کی ہے بالترتیب فلوریڈا اور ٹیکساس میں 1 اور 2 مارچ کو پاکستانی گلوکار کے تعلیم کو فروغ دینے کے لیے اُٹھائے گئے اقدامات کی حمایت کی۔

دوسری جانب، شہزاد رائے نے ملک کے روشن مستقبل کے لیے اپنی زندگی ٹرسٹ اور اساتذہ کے تربیتی پروگرام ’دوربین‘ کے لیے منعقد کیے گئے فنڈ ریزنگ گالا میں لائیو پرفارمنس بھی دی اور خصوصی دستخط شدہ گٹار نمائش کے لیے پیش کیا۔

یاد رہے کہ ملالہ یوسفزئی بین الاقوامی سطح پر طالبان کی جانب سے خواتین کی تعلیم اور دیگر حقوق نسواں سے انکار کے خلاف مزاحمت کی علامت بن چکی ہیں۔

اُنہیں بچوں کے حقوق کے لیے اپنی آواز اٹھانے پر 2014ء میں صرف 17 سال کی عمر میں نوبل انعام دیا گیا تھا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے