والدہ نے ’پری ویڈنگ سرمنیز‘ کا انعقاد کرنے کیلئے 4 مہینے روزانہ 18 گھنٹے کام کیا: آننت امبانی کا انکشاف

ایشیا کے امیر ترین آدمی مکیش امبانی اور ان کی اہلیہ نیتا امبانی نے چھوٹے بیٹے آننت امبانی کے لیے شاہانہ انداز میں شادی سے پہلے کی تقریبات (پری ویڈنگ سرمنیز) کا انعقاد کیا۔

مکیش امبانی اور نیتا امبانی نے ان تقریبات میں تمام بین الاقوامی بزنس ٹائیکون، مشہور کھلاڑیوں اور بھارتی فلم انڈسٹری کی نامور شخصیات کو ریاست گجرات کے شہر جام نگر میں مدعو کیا۔

آننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ کی شادی سے پہلے کی یہ تقریبات دنیا بھر سے با اثر شخصیات کی شرکت کی وجہ سے میڈیا اور سوشل میڈیا کی خصوصی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہیں۔

ان تقاریب سے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز میں سے ایک ویڈیو میں آننت امبانی کو اپنی تقریر کے دوران اپنی شادی سے پہلے کی تقریبات کا انعقاد کرنے اور یادگار بنانے پر اپنے خاندان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

اُنہوں نے اپنی تقریر کے دوران بتایا کہ ان تمام تقریبات کا انعقاد میری والدہ نیتا امبانی نے کیا ہے اُنہوں نے میری شادی کے سلسلے میں ان شاہانہ تقریبات کا انعقاد کرنے کے لیے 4 مہینے روزانہ 8 گھنٹے کام کیا جس کے لیے میں ان کا بے حد شکر گزار ہوں۔

آننت امبانی نے کہا کہ میری شادی کی تقریبات کی تیاریوں کے دوران میری فیملی بہت مصروف رہی اور اس دوران کوئی بھی ٹھیک سے سو نہیں سکا۔ 

اُنہوں نے اپنے والدین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جیسا کہ بہت سے لوگ جانتے ہیں کہ میری زندگی میرے لیے آسان نہیں رہی اور بچپن سے ہی مجھے صحت کے بہت سے مسائل کا سامنا رہا لیکن میرے والدین نے مجھے کبھی یہ احساس نہیں دلایا کہ مجھے صحت کے حوالے سے مسائل کا سامنا ہے۔

آننت امبانی نے کہا کہ میرے والدین ہر مشکل وقت میں میرے ساتھ کھڑے رہے اور ہمیشہ میری حوصلہ افزائی کی کہ میں زندگی میں سب کچھ کرسکتا ہوں۔

مکیش امبانی تقریب کے دوران اپنے  بیٹے کی یہ تقریر سن کر جذباتی ہوگئے اور ان کی آنکھیں بھر آئیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے