دنیا کے خوش ترین ممالک کی فہرست جاری، پاکستانی بھارت سے آگے
فن لینڈ مسلسل 7 ویں سال دنیا کا سب سے خوش ترین ملک قرار پایا
خوشی کےعالمی دن کےموقع پر اقوام متحدہ کےتعاون سے دنیا کے خوش ترین ممالک کی فہرست جاری کی گئی۔
یورپی ملک فن لینڈ مسلسل 7 ویں سال دنیا کا سب سے خوش ترین ملک قرار پایا ہےجبکہ پاکستان گزشتہ سال کی پوزیشن پر برقرار رہا۔
فہرست میں پاکستان 143 ممالک میں 108 ویں نمبر پر موجود ہے،گزشتہ سال بھی پاکستان کےحصے میں یہی نمبر آیا تھا تو بظاہر 2023 ایک ایسا سال ثابت ہوا جس کےدوران اقتصادی، سیاسی اور دیگربحرانوں نے پاکستانی عوام کو مایوس تو نہیں کیا لیکن خوش بھی نہیں ہونے دیا۔
بھارت بھی گزشتہ سال کی طرح 143 ممالک میں 126 ویں نمبر پر رہا، یعنی اس معاملے میں پاکستانی بھارتی شہریوں سے آگے ہیں۔
اس سال کی رپورٹ میں پہلی بارعمر کےگروپس کے لحاظ سے بھی ممالک کی رینکنگ کی گئی ہےاوربری خبر یہ ہے کہ دنیا کے کچھ حصوں میں نوجوانوں کے اندر خوشی کے احساس میں کمی کو دریافت کیا گیا۔
اس فہرست کی تیاری کے لیے 140 سے زائد ممالک کے افراد سے 2021 سے 2023 کے دوران ہونےوالے عالمی سروے کے ڈیٹا کا تجزیہ کیا گیا۔