کرینہ کپور کی تصویریں بھی ترمیم شدہ نکل آئیں
برطانوی شہزادی کیٹ مڈلٹن کے بعد بالی ووڈ اداکارہ کرینہ کپور عرف بیبو کی تصویریں بھی ترمیم شدہ نکل آئی ہیں جس کے بعد اداکارہ کی مزید تصویروں کی بھی جانچ پڑتال شروع کر دی گئی ہے۔
کرینہ کپور خان کا شمار بالی ووڈ کی خوبصورت اداکاراؤں میں ہوتا ہے، کرینہ کپور نے 2000ء میں فلم ’ریفیوجی‘ میں اداکار ابھیشک بچن کے مدِ مقابل اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا جس کے بعد وہ کامیابیاں سمیٹتی چلی گئیں اور کبھی پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا۔
کرینہ کپور کی ذاتی زندگی سے متعلق بات کی جائے تو ان کی شادی نواب آف پٹودی خاندان، اداکار سیف علی خان سے ہوئی ہے، اس جوڑی کے دو بیٹے تیمور علی خان اور جہانگیر علی خان بھی ہیں۔
آج کل کرینہ کپور خان اپنی آنے والی نئی فلم ’کریو‘ کی تشہیر میں مصروف ہیں جس میں ان کے ساتھ کریتی سینن اور تبو بھی اہم کرداروں میں نظر آئیں گی۔
کرینہ کپور خان نے فلم ’کریو‘ کی تشہیر کے لیے سیاہ رنگ کے لباس میں نئی تصویریں شیئر کی ہیں۔
ان تصویروں سے متعلق نیٹیزنز کا کہنا ہے کہ یہ تصویریں ترمیم شدہ ہیں، ان تصویروں میں کرینہ کپور نے اپنی کمر پتلی دکھانے کے لیے فوٹو شاپ کا سہارا لیا ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ریڈ اِٹ پر ایک صارف نے کرینہ کپور کی تصویریں شیئر کرتے ہوئے ان پر تبصرہ کیا ہے۔
صارف کا کہنا ہے کہ اس تصویر میں کافی ترمیم کی گئی ہے جس کی وجہ سے کرینہ کپور کے پاس نظر آنے والے دروازے میں بھی خَم نظر آ رہا ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ اداکارہ نے بعد ازاں اپنی اس تصویر کو ڈیلیٹ کر دیا جس کی وجہ سے اِنہیں کافی تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا۔
کرینہ کپور کی جانب سےشیئر کی گئی اس تصویر پر انٹرنیٹ صارفین اپنی اپنی رائے کا اظہار کر رہے ہیں۔
کچھ انسٹاگرام صارفین کا کہنا ہے کہ تصویروں میں ترمیم کر کے شیئر کرنے کی بیماری ہر بالی ووڈ فنکار میں پائی جاتی ہے جبکہ کچھ کا کہنا ہے کہ کرینہ کپور پر بھی کیٹ مڈلٹن کا رنگ چڑھ گیا ہے۔