Screenshot
بارسلونا/ کاتالونیا کی سول پروٹیکشن (Protecció Civil) نے جمعرات کی دوپہر کے بعد پورے خطے میں شدید طوفانی بارشوں کے خدشے کے پیش نظر ہنگامی منصوبہ برائے سیلاب (Inuncat) کو الرٹ کی سطح پر فعال کر دیا ہے۔
یہ فیصلہ کاتالونیا کے محکمہ موسمیات (SMC) کی وارننگ کے بعد کیا گیا، جس میں بارش کی شدت اور مقدار خطرناک حد سے تجاوز کرنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ حکام نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ دریاؤں، ندی نالوں اور برساتی گزرگاہوں کے قریب جانے سے گریز کریں اور انہیں عبور کرنے کی کوشش نہ کریں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق وسطی کاتالونیا، پیرینیز اور مشرقی پری-پیرینیز، کیمپ دے تاراگونا کے اندرونی علاقے اور سینٹرل پری لِتورال سب سے زیادہ متاثر ہو سکتے ہیں۔ بعض مقامات پر 30 منٹ میں 40 لیٹر فی مربع میٹر اور 3 گھنٹوں میں 60 لیٹر فی مربع میٹر تک بارش متوقع ہے۔
بارش کے ساتھ گرج چمک، تیز ہوائیں اور بعض علاقوں میں ژالہ باری (اولے) کا بھی امکان ہے۔
کاتالان واٹر ایجنسی (ACA) اور ایبرو ہائیڈروگرافک کنفیڈریشن (CHE) نے ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر دریاؤں اور ندی نالوں کی نگرانی بڑھانے کا اعلان کیا ہے، خاص طور پر ان علاقوں میں جہاں پانی جمع ہونے کا خطرہ زیادہ ہے۔
سول پروٹیکشن نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور کھلے مقامات، خاص طور پر ندی نالوں یا نشیبی علاقوں میں سرگرمیوں سے دور رہیں۔ مزید برآں، گاڑیاں ایسی جگہوں پر پارک نہ کی جائیں جہاں پانی جمع ہو سکتا ہو۔
مقامی انتظامیہ کو بھی ہدایت دی گئی ہے کہ وہ پیشگی حفاظتی اقدامات یقینی بنائیں تاکہ ممکنہ نقصانات سے بچا جا سکے۔
